تمام سیاسی پارٹیوں نے اقتدار کیلئے عوام کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کیا ،شہریوں کی دہائی

لاہور(اپنے نمائندے سے) شہریوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کی وطن واپسی کے موقع پر روزنامہ ”مشرق“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی پارٹیوں نے اقتدار اور ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال رکھا ہے۔ اشرافیہ ملک کے مالک اور غریب کو غلام بنارکھا ہے، چار سال قبل کرپشن کے کیسوں میں جلا وطن ہونے والے سیاسی قائد کا پرتپاک استقبال غلامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شہری محمد احسن کا کہنا ہے کہ ملک میں اقتدار چند سیاسی پارٹیوں کے درمیان کرکٹ میچ کی طرح چل رہا ہے عوام کا کردار تماشائی کا ہے جو بھی اقتدار پر آیا اس کے لئے تالی بجا ئی جا رہی ہے مہنگائی کا خاتمہ انتخابی مہم تک محدود رکھا جاتا ہے پاکستان میں اشرافیہ اور عام آدمی کے لئے الگ الگ قانون اور عدالتی فیصلے ہیں چار سال قبل کرپشن کیسوں میں نا اہل اور جلا وطن ہونے والے کو باعزت سرکاری پرٹوکول اور عدالتی حفاظت میں وطن واپس لایا گیا ہے جو کہ آئندہ کیلئے اشرافیہ کو سہولت فراہم کر دی گئی ہے عام آدمی معمولی جرم کرکے ساری زندگی عدالتوں اور کچہریوں کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں اور موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ محمد اشفاق ،عتیق احمد ،محمد خان کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کے قائد کی واپسی کو پارٹی رہنماءملکی معاشی حالات میں بہتری اور عوام کی امید کے نام سے عوام کو بیوقف بنایا جا رہا ہے ماضی میں عوامی خدمات کی یاد کا تازہ کیا جا رہا ہے عوام کو غلام ابن غلام بنا کر رکھ دیا گیا ہے آج سیاسی پارٹیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ جب چاہیں جیسے چاہیں کر سکتے ہیں اقبال احمد ،اکرم محمود ،شیخ اشفاق و دیگر نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے عوام کو ریلیف ملے گا ملک کے معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم نوز شریف کی سیاسی سمجھ بوجھ سے عوام اور ملک پر چھائے سیاءبادل کا خاتمہ ہو گا آج جمہوریت کی فتح کا دن تھا عوام نے قائد کا پرتپاک استقبال کر کے ثابت کر دیا نواز شریف ہی عوام اور ملک کے لئے امید کی کرن ہے سب مخالفین کی منفی باتیں دم توڑ گئیں آج قوم کا بیٹا قوم کے ساتھ ہے سب ڈکیٹ چور ملکی خزانہ کو لٹنے والے اپنی اصلی جگہ جیل میں ہیں پاکستانی عوام قائد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اللہ کا شکر کرتے ہیں آج نواز شریف کو مٹانے والے خود مٹ گئے ہیں ۔