آسٹریلیا کیخلاف ناقص کارکردگی پر بابراعظم کو تنقید کا سامنا، کپتانی پر سوالات اٹھ گئے

اسلام آباد (مشرق نیوز) آسٹریلیا کے خلاف ناقص کارکردگی پر بابراعظم کو تنقید کا سامناہے ۔تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز کرکٹ ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کی بہترین پارٹنرشپ کے بعد شائقین کو ایسا لگ رہا تھا قومی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف پورا کرلے گی۔شائقین کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب 64 رنز بنانیوالے عبداللہ شفیق کے آوٹ ہونے کے بعد بابر اعظم صرف 18 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے اور پھر روایتی طور پر قومی کھلاڑی ایک کے بعد ایک آﺅٹ ہوتے چلے گئے۔بڑے میچ میں ایک بار پھر پرفارمنس نہ دکھانے پر بابر اعظم کو مداحوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی کپتانی پر بھی ایک بار پھر سوالات اٹھادیئے گئے ۔شائقین نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کے ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں نمبر ون آنے کا کیا فائدہ جب وہ بڑے میچ میں پرفارم ہی نہ کرسکے۔ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے اب تک ہونے والے میچز میں بابراعظم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے کسی میچ میں جارحانہ پرفارمنس دی نہ کوئی سنچری اسکور کی ہے، بابر اعظم نے نیدرلینڈ کیخلاف 18 گیندوں پر صرف 5 رنز بنائے، سری لنکا کیخلاف 15 گیندوں میں 10 رنز بنائے، بھارت کیخلاف 58 گیندوں میں 50 رنز اور گزشتہ روز آسٹریلیا کیخلاف صرف 18 رنز بنائے ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک صارف نے اس ورلڈ کپ میں کپتانوں کی بیٹنگ اوسط لکھی جس میں انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم کی چار میچوں کے بعد اوسط صرف 20 رنز تھی۔