پی ایچ اے افسران، ملازمین کے آمدن سے زائد اثاثوں کا انکشاف ، انتظامیہ کی پراسرار خاموشی

لاہور (قمر عباس) پی ایچ اے انتظامیہ کی پراسرار خاموشی، مختلف کیڈرز اور سکیل کے افسران و ملازمین کے آمدنی سے زائد اثاثہ جات، قریبی رشتہ داروں کے نام لگژری گھر و گاڑیاں، نجی کاروبار سمیت کروڑوں روپے کے بینک اکاﺅنٹس کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے لاہور کے ایڈمن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اتھارٹی میں مختلف کیڈرز اور سکیل میں بھرتی ہونے والے افسران و ملازمین کے اثاثہ جات کو اَپ ڈیٹ کرنے کی بجا ئے پراسرار خاموشی اختیار کررکھی ہے جس سے اتھارٹی میں تعیناتی کے موقع پر قانونی طور پر مکمل کوائف کے ساتھ اثاثہ جات کی تفصیل بھی حاصل کی جاتی ہے جس کو ہر سال شعبہ ایڈمن کی جانب سے اَپ ڈیٹ کیا جاتا ہے تاکہ افسران و ملازمین کی آمدنی کے مطابق اثاثہ جات میں اضافہ اور کمی کو دیکھا جاسکے جبکہ پی ایچ اے میں اس قانونی معاملے کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف کیڈرز اور سکیل کے افسران جن میں سکیل 1سے سکیل 19 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی اور ڈائریکٹرز ہارٹی کلچر انجینئرنگ، ایڈمن، فنانس ا ور مارکیٹنگ و دیگر شامل ہیں، ذرائع کا کہنا ہے مختلف محکمہ جات سے اتھارٹی میں ڈیپوٹیشنر ز اور بعد میں پی ایچ اے میں چور راستے سے اتھارٹی کا حصہ بننے والے افسران کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں کی گئی اور پرکشش عہدوں پر تعیناتی حاصل کرتے ہوئے اتھارٹی کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔ اسی طرح فیول مشینری اور شہر میں مختلف گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور سر سبز کرنے کی خاطر پودوں میں خرد برد کرتے ہوئے ذاتی مالی فائدہ حاصل لیا گیا جس میں مالی، سپروائزر، آپریٹرز وغیرہ شامل ہیں، مبینہ طور پر کرپشن کے پیسہ سے ذاتی کاروبار، ہوٹلز، لگژری گھر، پلاٹس، گاڑیاں اور کروڑوں روپے کا بینک بیلنس قریبی رشتہ داروں کے نام پر بنانے کا انکشاف کیا گیا ہے جس میں سکیل 2 اور 5 کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں مکمل تفصیلات روزنامہ ”مشرق“ جلد نشاندہی کریگا۔ ڈائریکٹر ایڈمن موسیٰ بخاری سے افسران و ملازمین کے اثاثہ جات کی تفصیلات کو اَپ ڈیٹ کرنے اور انکی آمدنی سے زائد اثاثہ جات بنانے کے حوالے سے رابطہ کیا تو انہوں نے موقف نہیں دیا۔