اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی نہ چھوڑنے کااعلان کردیا۔
توڑ پھوڑ کیس میں جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر پرویزالٰہی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گاجیل اسی لیے کاٹ رہا ہوں،سپریم کورٹ کے فیصلے سے ن لیگ کو بڑی امید تھی، فیصلے کے بعد دیکھتے ہیں نواز شریف کیا بیانیہ بناتے ہیں، فیصلے کے بعد جہانگیر ترین اور نواز شریف تو رہ گئے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہاعمران خان کے بغیر الیکشن بے معنی ہوگا، سائفرکیس کوئی بڑی بات نہیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سرخرو ہوں گے،جیل حکام سہولیات کے معاملے پر کسی عدالت کا حکم نہیں مان رہے،ذاتی معالج سے علاج کی سہولت نہیں دی جارہی جبکہ سیل کے سامنے والی دیوار کو بھی تا حال نہیں ہٹایا گیا۔
پرویزالٰہی نے مزید کہا جیل میں عمران خان سے کوئی پیغام رسانی نہیں ہوئی،مجھے کوئی مشکل نہیں، ٹھیک ہوں خدا کا شکر ہے،دوسری جانب عدالت نے توڑ پھوڑ کیس میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 اکتوبر تک توسیع کردی۔
پی ٹی آئی نہیں چھوڑوں گاجیل اسی لیے کاٹ رہا ہوں،پرویزالٰہی
















