موسم سرما میں صبح، دوپہر اور شام میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) گیس کمپنیوں نے موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی تیاری شروع کردی، گھریلو سیکٹر کیلئے صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی مقامی پیداوار 3 ارب 60 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ رینے کا امکان ہے جس میں 1 ارب کیوبک فٹ ایل این جی درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کی جائےگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ موسم سرما میں سسٹم میں پونے 5 ارب کیوبک فٹ یومیہ گیس دستیاب ہو گی، موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ گیس کی طلب ساڑھے 6 ارب کیوبک رہنے کا امکان، موسم سرما میں گیس کا شارٹ فال ایک ارب کیوبک فٹ یومیہ کی سطع پر پہنچ سکتا ہے تاہم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی پہلی ترجیح ہوگی اور پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی دوسری ترجیح ہوگی۔

ذرائع کے مطابق زیرو ریٹڈ صنعتوں کو گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کئے جانے کا امکان ہے، عام صنعتوں کیلئے گیس کی فراہمی کیلئے اوقات مقرر کئے جائیں گے، سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی دستیابی سے مشروط ہوگی، گھریلو سیکٹر کیلئے صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائیگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کو اکتوبر کے وسط تک حتمی شکل دیدی جائیگی، گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری وفاقی حکومت سے لی جائیگی، گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا اطلاق نومبر سے آئندہ سال مارچ تک ہوگا۔