نوازکی واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں،اگلا سیٹ اپ نگران حکومت کے فیصلوں کو تسلیم کرےگا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سابق وزیر خزانہ ومرکزی رہنما ن لیگ اسحاق ڈار نے کہا ہے نوازشریف کی واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں،اگلا سیٹ اپ نگران حکومت کے فیصلوں کو تسلیم کرےگا، میں نے جسٹس ثاقب نثار سے حفاظتی ضمانت لینے سے انکار کر دیا تھا، نواز شریف کی واپسی پر ضمانت کےلئے اپلائی کریں گے،بینک و ایکسچینج کمپنیاں ملک کی خاطر صحیح ڈگر پر چل رہی ہیں، پالیسی ریٹ ڈیمانڈ کے مطابق نہیں ہوتا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا نگران حکومت کے روز کے کاموں پر قانون سازی کی گئی کیونکہ کوئی ملک 6،7 ماہ نگران سیٹ اپ کو محض حاضری لگانے تک محدود نہیں کرسکتا، حکومت دو طرفہ فیصلوں، معیشت، نجکاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرپرفیصلے کرسکتی ہے، اگلا سیٹ اپ نگران حکومت کے فیصلوں کو تسلیم کرے گا۔

سابق وزیر خزانہ نے کہانواز شریف 21 اکتوبر کو وطن آرہے ہیں، واپسی کسی گارنٹی کا نتیجہ نہیں، قائدن لیگ کو واپسی کے سفر کیلئے کسی گارنٹی یا یقین دہانی کی ضرورت نہیں، نواز شریف کی واپسی پر ضمانت کا عمل بھی ہو جائے گا،ڈالر کی حقیقی ویلیو 250 روپے ہے، ستمبر 2022 میں کہا تھا ڈالر ریٹ 200 سے کم ہونا چاہیے۔

اسحاق ڈار نے کہا امید ہے آئی ایم ایف کا اگلا اقتصادی جائزہ کامیاب ہوگا، پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی قسط ملے گی، تمام قوتیں مل کر کام کر رہی ہیں، کوئی قوت مجھے ناکام نہیں کرنا چاہتی تھی، سب قوتیں ملکر کام کریں گی تو ملک آگے بڑھے گا،سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا پاکستان کو دوبارہ معاشی قوت بنا کر جی 20 میں شامل کرنا ہے، مہنگائی کے خاتمے و عوامی مسائل حل کرنے کیلئے ہمت کی ضرورت ہے۔