لاہور( خبر نگار)پی ٹی آئی ترجمان نے سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ قوم کو تباہی کی دلدل میں اتارنے کے بعد نیا منجن بیچنے میدان میں نکلا ہے ،پچھلے 16ماہ میں گروہ کی مجرمانہ کارکردگی کڑے احتساب کی متقاضی ہے یہ لوگ اپنی مجرمانہ نالائقیوں اور نااہلیوں پر شرمسار ہوکر قوم سے معافی مانگنے کی بجائے نہایت بے شرمی سے ایک مرتبہ پھر بے وقوف بنانا چاہتے ہےں۔
اپنے بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا 50روپے کے اسٹام پر 4 ہفتوں کےلئے پلیٹ لیٹس پورے کرنے کی غرض سے لندن بھاگنے والا بزدل و اشتہاری وطن واپسی کی جرات کرے ، عوام محاسبے کےلئے تیار ہیں،3روز قبل شاہدرہ کے عوام نے سسلین مافیا کے مجرم و بزدل سرغنہ کو دو ٹوک پیغام دےدیا،پی ٹی آئی نے کہااین آر او لےکر ملک سے بھاگنے اور لندن منصوبے کے تحت ضمانتوں کے سائے میں وطن واپسی کا ڈھونگ رچانے والے اپنے منصوبوں میں کامیاب نہیں ہوں گے،غیر جمہوری ،غیر آئینی اور غیر سیاسی قوتوں کے اشاروں پر پھدکتی کٹھ پتلیوں کو عوام ووٹ کے نیچے دفن کریں گے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کےلئے سیاسی حکمت عملی مرتب کر لی،ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کیلئے پارٹی رہنماوں کو ہدایات پہنچا دیں، انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی انتخابی مہم کا آغاز کردے گی،ملک بھر میں ضلعی سطح پر ورکرز کنونشنز کرائے جائیں گے،انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی روپوش رہنما بھی منظر عام پر آجائیں گے۔
بنارسی ٹھگوں کے ٹولے کانیا منجن نہیں بکے گا،پی ٹی آئی
















