نیو سبزی منڈی میں عالمی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی:عمران امین

لاہور(خبر نگار)عمران امین سی ای او روڈا نے کہا لاہور کی سبزی منڈی تعمیرات کا شاہکار ہوگی یہ بغیر منافع کے بننے والا پہلا پراجیکٹ ہوگا جہاں پرعالمی معیار کا انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کی جائینگی ۔

روڈا کے زیر اہتمام فروٹ اینڈ سبزی منڈی سٹیک ہولڈرز پر ہونیوالے سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے عمران امین نے کہا محکمہ زراعت کی نشاندہی پر روڈا 300ایکٹر پرسبزی منڈی کی تعمیر کر رہا ہے ، کالاخطائی سبزی منڈی میں جوبھی کام ہوگا وہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کیا جائیگا ،نیو سبزی منڈی شہر سے باہر اس وجہ سے بنارہے کہ صوبائی دارلحکومت پر ٹریفک اور آلودگی کادباﺅ کم ہو سکے ہم کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر نا چاہتے ہیں۔

کلثوم حئی سپیشل سیکرٹری زراعت نے کہا سبزی منڈی کامنصوبہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز کسانوں آڑھتیوں اور مزدوروںکی بہترسہولت کےلئے بنارہے ہیں، ہماری ترجیحات ہیں کہ ان کے مسائل کوحل کیا جائے اس منڈی کو جی ٹی روڈ کے علاوہ موٹروے سے بھی رسائی دی جارہی ہے جبکہ یہاں پر جدید کولڈ سٹوریج ،ڈرائیور فلیٹ ،پارکنگ ایریا ، جدید مراکز صحت اور بینکنگ کا نظام ہوگا۔

سیمینار سے خطاب میں منصور احمد جنجوعہ چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا46کلومیٹر ریور فرنٹ کے راوی شہر کا منصوبہ مشکل تھا لیکن اس پر کام تیزی سے جاری ہے ہم ساڑھے تین کلو میٹر کے ریو ر ٹریننگ پر کام مکمل کر چکے جبکہ روڈا نے محکمہ فاریسٹ سے جنگلات بھی لے لیے ہیں اب ہم ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ سٹیک ہو لڈرز کو سہولیات دے رہے ہیں۔