بےنظیر پروگرام ناکافی،پاکستانی عوام کوبڑا ریلیف نہیں مل سکتا،عالمی بینک

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عالمی بینک نے کہاہے غربت مٹانے کیلئے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ناکافی ہے،پاکستان میں بجٹ خسارہ رواں اور آئندہ مالی سال بلند سطح پر رہے گا،عوام کو مہنگائی میں بڑا ریلیف نہیں مل سکتا۔

کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کے مطابق 2023 میں پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 29.2 فیصد رہی جو 2024 میں 26.5 فیصد رہے گی ،توقع ہے 2025 میں پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 17 فیصد پر آجائےگی،کنٹری ڈائریکٹر نے کہا توانائی کے نقصانات میں کمی کےلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ،عالمی بینک توانائی اصلاحات کےلئے تعاون جاری رکھے گا،رئیل سٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے لوگوں میں اعتمادکا فقدان ،زرعی شعبے کی گروتھ2.2 فیصد، صنعت1.4 اور سروسز سیکٹر کی گروتھ1.5 فیصد رہ سکتی ہے،رواں مالی سال مہنگائی 26.5 فیصد،کرنٹ اکاونٹ خسارہ جی ڈی پی کا 1.4 فیصد، مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 7.7 فیصد، ڈیٹ ٹو جی ڈی پی 72.4 فیصد رہ سکتا ہے، انرجی مکس منصوبوں سے 5 سے 10 سال میں انرجی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے۔

عالمی بینک نے مزید کہا پاکستان میں درآمدی فیول پر انحصار کے باعث انرجی پرائسز زیادہ ہیں، انرجی ٹیرف کم رکھاگیا جس کے باعث گردشی قرضے کے مسائل بڑھے، انرجی سیکٹر میں اصلاحات ناگزیر ہیں، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔

رپورٹ میں عالمی بینک نے غربت مٹانے کیلئے بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کو ناکافی قرار دےتے ہوئے گاڑیوں کی خریداری، اخراجات میں کمی، تنخواہ، پنشنزسٹرکچر میں اصلاحات کرنے پر زور دےدیا، عالمی بینک نے رپور ٹ میں کہا20 برسوں سے پاکستان میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، آئندہ مالی سال غربت کی سطح 39.4 فیصد سے کم ہو کر 35 فیصد تک رہنے کا امکان ہے،رائز ٹو پروگرام کے تحت عالمی بنک سے 35 کروڑ ڈالر بورڈ کی منظوری سے جلد ملیں گے۔