ایف بی آر کی کارکردگی سے مطمئن،پاکستان امیر طبقے پر زیادہ ٹیکس لگائے،آئی ایم ایف

اسلام آباد(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف نے ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا ہدف قبل ازوقت حاصل کرنے کے بعد آئی ایم ایف حکام کےساتھ آن لائن اجلاس ہوا ،ڈیٹا شیئرنگ کی گئی اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران حاصل ہونیوالی ٹیکس وصولیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ایف بی آر حکام نے کہارواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2.1 ٹریلین ٹیکس اکٹھا کیا ،ستمبرکیلئے مقرر کردہ795ارب ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلیا ،اگلے چندروز تک ٹیکس وصولیوں کے حتمی اعدادوشمار موصول ہونے پر ستمبر میں ہونیوالی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے تجاوز کرجائیں گی جبکہ رواں مالی سال 2023-24کی پہلی سہ ماہی(جولائی تا ستمبر) کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے حاصل کردہ عبوری خالص ٹیکس وصولیاں2002 ارب سے متجاوز کرگئیں جو پہلی سہ ماہی کیلئے مقرر کردہ ہدف سے زیادہ ہیں۔

اجلاس میںپاکستان نے آئی ایم ایف پر واضح کیا نگران حکومت کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کرسکتی ، ایف بی آر کوئی نیا ٹیکس لگائے بغیر رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلے گا۔

قبل ازیںآئی ایم ایف نے پاکستان سے توانائی شعبے میں اصلاحات ،استعداد کار میں بہتری لانے اور امیر طبقے پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

عالمی مالیاتی ادارے کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جولی کوزیک نے بریفنگ میں کہا پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب انتہائی کم ہے،ملک میں امیر طبقے پر زیادہ ٹیکس عائد کیا جانا چاہیے،پاکستان کو ایسی مانیٹری پالیسی کی ضرورت ہے جس سے مہنگائی میں کمی ہو سکے، ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے کہاجولائی میں آئی ایم ایف معاہدے کا مقصد پاکستانی معیشت میں استحکام لانا ہے، توانائی شعبے میں اصلاحات اور استعداد کار میں بہتری لا کر مستحکم گروتھ حاصل کی جا سکتی ہے۔