سموگ کاخاتمہ،LWMCکو شہر کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک تفویض

لاہور(خبر نگار)سموگ کے خاتمے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کو شہر کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک تفویض،نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سموگ پری وینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دےدیا۔

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں سموگ کے تدارک کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی لاہور میں موٹر سائیکل ،چنگ چی رکشے 63 فیصد سموگ کی وجہ ہیں، موٹر کار ، جیپ وغیرہ کی وجہ سے 11 فیصد سموگ پیدا ہوتی ہے،شیخو پورہ و اوکاڑہ میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

سموگ سے بچاو¿ کےلئے صوبے کی تمام اہم شاہراہوں کو واش کرکے ڈسٹ فری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مقصد کےلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر کی سڑکیں ڈسٹ فری کرنے کا ٹاسک دےدیا گیا،ڈپٹی کمشنرز کو غیر معیاری فیول بیچنے والوں کےخلاف کارروائی کی بھی ہدایت دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا فیکٹریوں کو ماحول دوست بنانے کےلئے مالی معاونت فراہم کی جائے گی ،احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں کو 2 ماہ کےلئے سیل کیا جائے گا،فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کےلئے کاشت کاروں سے بیان حلفی لیا جائے گا۔

دریں اثنانگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 5روزہ دورے پر چین چلے گئے،چین کے قائمقام قونصل جنرل چار کی نے لاہور ائیر پورٹ سے رخصت کیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی چین میں بزنس کمیونٹی،سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ حکام و صنعتکاروں سے ملاقات کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا چین کا دورہ پنجاب کے عوام کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا موقع دے گا،چین نے ہمیشہ مخلص دوست کی طرح ساتھ نبھایا ،پوری کوشش ہے دورے کے فوری نتیجہ خیز اور پائیدار نتائج سامنے آئیں۔