لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ (بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)پٹرول بم کے کراچی سے خیبر تک آفٹرشاکس،سفر بھی خواب،ٹرانسپورٹر زنے کرائے بڑھادئیے،جماعت اسلامی نے گورنر ہاﺅسز کے باہر دھرنوں کااعلان کردیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کر دیا۔
شہریوں نے دہائی دیتے ہوئے کہابدترین مہنگائی اوربڑھتے کرایوں نے غریب کی کمر توڑ دی،زندگی اجیرن ہوگئی، پہلے غریب آدمی پبلک ٹرانسپورٹ پرغمی خوشی پر چلا جاتا تھا اب سفر بھی پہنچ سے دور ہوگیا،خدارا رحم کیاجائے۔
ٹرانسپورٹرز ذرائع نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے دیگر سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو جاتے ہیں، کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ورنہ گاڑیاں بند کرنا پڑیں گی۔
دوسری جانب پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے گورنر ہاو¿سز کے باہر دھرنوں کا اعلان کردیا،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا اضافے کو مسترد کرتے ہیں،حکومت نے آئی ایم ایف کی ایما پرعوام کا جینا مشکل بنا دیا، بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔
سراج الحق نے کہا چاروں صوبوں میں گورنر ہاو¿سز کے باہر عوامی دھرنے دیں گے ، صورتحال میں خاموش رہنا موت ہے ،عوا م سے اپیل کرتا ہوں موت کا انتظار کرنے کی بجائے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں،عوامی حمایت سے حکومت کو اضافہ واپس لینے پر مجبور کریں گے۔
ادھر پی ٹی آئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا نگران حکومت ناکام معاشی پالیسیوں کی قیمت عوام سے وصول کرنے کا ظالمانہ سلسلہ ترک کرے ،عوام کی قوت خرید سلب کرنے کے بعد پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ملک میں خانہ جنگی کو ہوا دینے کی سوچی سمجھی سازش معلوم ہوتی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا نگران حکومت ہر لحاظ سے پی ڈی ایم کی مجرمانہ حکومت کی توسیع و تسلسل ہے، امید تھی انوارالحق کاکڑ مجرموں کے وارث بننے کی بجائے کسی بہتر راہ کا انتخاب کریں گے، مجرموں و احمقوں نے معیشت کا جنازہ نکالا، نالائق و برائے نام نگران عوام کو دفن کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تازہ اضافے سے تباہ کن مہنگائی کی شدت بڑھے گی، آئین و قانون کی بجائے ملک کو اپنی منشا کے تابع چلانے والوں کے پاس مزید تجربوں کی کوئی گنجائش باقی نہیں۔
اپنے بیان میں ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہاپٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فوری واپس لےکر بھتہ خوری کا حکومتی سلسلہ بند اور اقتدار منتخب حکومت کو منتقل کیاجائے،بڑھتی مہنگائی کیخلاف عوامی ردعمل کو مزید روکنا اب ممکن نہیں۔
مزید برآںاستحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام کو کانٹوں پر گھسیٹنے کے مترادف ہے،سوئی عوام پر پھر پٹرول بمباری کی گئی ،قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، نگران حکومت تمام مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کرے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہاعوام دوست فیصلوں سے ہی غریب عوام کا دل جیتا جا سکتا ہے، آئی پی پی کا منشور بنیادی عوامی مسائل کے حل کا فارمولہ ہے، صرف آئی پی پی 300یونٹ فری بجلی و آدھی قیمت پر پٹرول کی فراہمی کی دعویدار ہے،مشکلات کا ازالہ کرنے کےلئے استحکام پارٹی کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔
علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ،جوڈیشل ایکٹوزیم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نگران وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا ،درخواست میں کہا گیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے کا اضافہ کر دیاگیا ، مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے کوئی میکنزم نہیں ،قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، استدعا ہے عدالت قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔
پٹرول بم ،کراچی سے خیبر تک آفٹرشاکس،سفر بھی خواب،کرائے مہنگے
















