سائفر کیس میں عمران،قریشی کی ضمانت درخواستیں مسترد

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سائفر کیس میں عمران،قریشی کی ضمانت درخواستیں مسترد،پی ٹی آئی نے فیصلہ چیلنج کرنے کااعلان کردیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں عمران خان ،شاہ محمود قریشی کی ضمانت درخواستوں پر سماعت ہوئی۔


چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہاتاریخ میں اتنا کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا جتنا چیئرمین پی ٹی آئی کو بنایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی محب وطن پاکستانی ہیں، بطور وزیراعظم ملکی خودمختاری کا سوچا، چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف 180 سے زائد کیسز درج کیے گئے، 140 سے زائد کیسز گرفتاری سے قبل درج ہوئے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کیس فرد واحد کا نہیں بنتا ،ساری کابینہ کو پراسیکیوٹ کرنا پڑے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری قابل ضمانت دفعات میں ہوئی جرم وہ ہوتا ہے جس میں راز خاموشی سے کسی دشمن ملک کو دے دیتے اور مفاد لے لیتے، 7 مارچ 2022 کو وزارت خارجہ میں سائفر موصول ہوا، وزیراعظم کے سٹاف کی ذمہ داری ہوتی ہے دیکھیں وہ ڈاکیومنٹ کدھر گیا؟ سٹاف کا احتساب بنتا ہے،وکیل عمران خان نے کہا اگر جرم ہوتا تو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ کے سامنے سائفر کیوں رکھا جاتا؟ نیشنل سکیورٹی کمیٹی میٹنگ میں فیصلہ ہوتا ہے متعلقہ ملک سے احتجاج کیا جائے گا، سائفر کے ڈاکیومنٹ کا متن کسی جگہ پبلک میں کبھی نہیں دیا گیا، کبھی نہیں کہا ڈاکیومنٹ کا متن پبلک کیا ہو۔

وکیل نے کہا عطا تارڑ کو پتہ تھا چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار ہو چکے ، سائفر کابینہ سے ڈی کلاسیفائیڈ ہوا،وکیل بابر اعوان نے کہا اگر سائفر چوری ہوگیا تھا تو دوسری کابینہ میٹنگ کیسے ہوئی؟ کچھ دکھانا چاہتا ہوں ،جج نے مسکرائے ہوئے کہا کیا آپ سائفر دکھانا چاہتے ہیں؟۔

بابر اعوان نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ویڈیو گفتگو موبائل فون کے ذریعے عدالت کو دکھائی اور کہا ویڈیو میں کہا گیا سائفر نہیں کاغذ تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا میرے گواہ ملٹری سیکرٹری ہیں ایک نے کہا کاغذ تھا ایک نے کہا پرچی تھی، اعظم خان کہاں ہے ؟ جب اعظم نہیں تو کیس مزید تفتیش کا کیس ہے۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا جو مقدمہ درج کیا مد میں کوئی دستاویزات تو پیش کریں، شاہ محمود قریشی کی کوئی سپیچ بھی نہیں بتائی بس نام لے لیا گیااگر فیکٹس ہی ٹوئسٹ ہوگئے تو سیکریسی کہاں گئی؟،جج ابو الحسنات نے کہا 2باتیں کلیئر کریں، سائفر وزارت خارجہ سے گیا؟ وہ دستاویزات کہاں ہیں؟ وزارت خارجہ کا ڈاکیومنٹ الگ ہے، آرمی چیف کا الگ ہے، وزیراعظم آفس کا الگ سائفر ڈاکیومنٹ ہے،وکیل شعیب شاہین نے کہا آپ کا آفس آپ کو ڈاکیومنٹ دیتا ہے آپ کے آفس کے عملے کی ذمہ داری ہے سنبھالنا، وزیراعظم کے پاس ہزاروں فائلز آتی ہیں، دستاویزات سنبھالنا کام نہیں،جج نے کہا ڈاکیومنٹ وزارت خارجہ سے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے پاس گیا، سننے میں آرہا ہے ڈاکیومنٹ گم ہو گیا، ڈاکیومنٹ کہاں گیا ؟۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا ڈاکیومنٹ وزارت خارجہ میں ہے، ڈاکیومنٹ کی ذمہ داری پرنسپل سیکرٹری کی ہے،جج نے کہا میرے سٹاف کے پاس بھی کچھ آتا ہے تو مجھے دیکھنا تو ہے، وکیل شعیب نے کہا اگر آپ کے سٹاف سے کہیں جاتا ہے تو سٹاف سے ڈاکیومنٹ کا پوچھا جاتا ہے، وزیراعظم کے پاس تو روزانہ آئی بی، آئی ایس آئی آئی کی رپورٹس آتی ہیں، وزیراعظم کے پاس بڑی تعداد میں روزانہ فائلیں آتی ہیںجو بھی ڈاکیومنٹ ہے اس کی ذمہ داری وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کی ہے، وزیراعظم آفس میں آنے والی دستاویزات سنبھالنا وزیراعظم نہیں پرنسپل سیکرٹری کا کام ہے۔

پی ٹی آئی وکیل شیرافضل مروت نے دلائل میں کہا سیکرٹ ایکٹ 1923 میں نہیں بتایا گیا سائفر کو کس طرح ڈی کلاسیفائی کرنا ہے؟ کلاسیفائیدڈ انفارمیشن آخر ہے کیا؟ عدالت پہلے تعین کرے، ڈونلڈ لو نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت گرائیں ورنہ نتائج کےلئے تیار رہیں، پاکستان کی سائفر لینگویج کسی دوسرے ملک کےساتھ نہیں ملتی۔

دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹرز نے دلائل دئیے، دلائل سے قبل سماعت ان کیمرا کرنے کی درخواست کی گئی، عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت پر بقیہ سماعت ان کیمرا ڈکلیئر کی گئی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے حکم پر غیر متعلقہ افراد، وکلا، صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔

بعد ازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے عمران خان،شاہ محمود قریشی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ضمانت درخواستیں مسترد کردیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی وکلا نے چیئرمین عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کا عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

وکلا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر افسوس ہوا، سائفر حقیقت ہے جسے کابینہ میں رکھا گیا، فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے،نظریہ دلاور کو دہرایا گیا ،کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنا شرمناک ہے، ہونا تو چاہیے تھا ڈونلڈ لو کو طلب کیا جاتا ،امید ہے اسلام آباد ہائی کورٹ سے انصاف مل جائےگا۔

علاوہ ازیںخصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی ضمانت منظور کر لی، جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اسد عمر کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے عبوری ریلیف کی درخواست مسترد کردی،دوران سماعت چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل سلمان صفدر نے کہا لگتا ہے ہمارے لئے سپیشل پراسیکیوٹرز کی مہلک ٹیم بنائی گئی ہے،استدعا ہے درخواستوں پر فیصلے تک چیئرمین پی ٹی آئی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کوئی روایت نہیں ڈالنا چاہتے، ایسا کوئی آرڈر نہیں کریں گے۔