علوی الیکشن کی بجائے ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں،ن لیگ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عارف علوی مدت پوری ہونے پر ایوان صدر خالی کرنے کی تاریخ دیں، اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ منتقل ہوجائیں کیونکہ ریاستی، معاشی دہشت گرد و سازشی الیکشن نہیں صرف معاشی سیاسی و آئینی بحران چاہتے ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) عطا تارڑ نے کہا معیشت کی حالت بہتر، ڈالر کی قیمت کم ہورہی ہے، جب بھی ملک کی حالت بہتر ہوتی ہے پی ٹی آئی ملک کو غیر مستحکم کرتی ہے۔ صدر علوی الیکشن کی تاریخ دےکر ایک بار پھر غیریقینی کی صورتحال پیدا کرکے ملک کو غیر مستحکم کریں گے۔

لیگی رہنما نے مزید کہاصدرکے عہدے کی معیاد 9 ستمبر کو ختم ہوچکی، عبوری صدر ہیں، الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار کس نے دیا؟ عبوری صدر نئے صدر کی تعیناتی تک عہدے پر برقرار رہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا صدر کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا غیر قانونی و غیر آئینی ہوگا، عارف علوی نے الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کر کے بھی غیرآئینی کام کیا، آئین کہتا ہے صدر کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا ہے، بے یقینی کی فضا صرف اپنے بیانیے کےلئے پیدا کررہے ہیں، صدر وہی کر رہے ہیں جو پارٹی کرتی رہی، سب اٹک جیل میں بیٹھے شخص کی وجہ سے ہورہا ہے، حکومت صدر مملکت کے احکامات ماننے کی پابند نہیں ۔