لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین بزنس مین پینل میاں انجم نثار نے ڈائریکٹر جنر ل ٹر یڈ آرگنائز یشن کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے معاملات میں بے ضابطگیوں کے بے بنیاد الزامات اور بلاجواز خط کی سخت مذمت کی ہے۔مزید برآں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کی قانونی حیثیت اور ان کے فرائض کی ادائیگی میں بیجا سوالات اٹھانے کو بددیانتی، مداخلت پر مبنی اور توہین آمیز قرار دیا ہے۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے مزید کہا کہ وہ دسمبر 2021 میں ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کی ساکھ پر سوال اٹھانے کے انداز پر بہت حیران ہیں اور معزز سندھ ہائیکورٹ نے بھی حریف گروپ کی جانب سے سوٹ نمبر 07/2022 کے ذریعے دائر کئے گئے ایک مقدمے کے جواب میں انتخابی عمل کو جائز قرار دیا ۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے اس حقیقت پر روشنی ڈالی کہ وسیع دلائل کے بعد اور تمام حقائق پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ ڈی جی ٹی او آفس کی طرف سے دائر رپورٹ پر غور کرنے کے بعد قابل احترام سندھ ہائیکورٹ نے اپنے مورخہ 18 مارچ 2022 کے حکم نامے میں ایف پی سی سی آئی انتخابات کی قانونی حیثیت، انصاف پسندی، طرز عمل اور تقدس کو برقرار رکھا۔ مزید برآں ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مخالف امیدواروں نے اس کو رٹ آرڈرکو چیلنج بھی نہیں کیا۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ادارے کے معاملات اور آپریشنز کو ہموار کرنے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کیلئے تندہی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو کمیٹی صدر ایف پی سی سی آئی کی کارکردگی کو سراہتی ہے اور ایف پی سی سی آئی کے تمام معاملات ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری کے بعدہی طے کئے جاتے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی نے کاروباری برادری اور قومی معیشت کے فائدے کیلئے متعدد شعبوں اور صنعتوں پر جامع تحقیقی رپورٹس اور سفارشات فراہم کی ہیں اور اس کی پالیسی وکالت کی کوششوں اور مختلف مشاورتی عمل میںفعال شمولیت کے ذریعے حکومت کو سپورٹ بھی کر رہی ہے۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے اس حقیقت کی نشاندہی کی کہ موجودہ دور میں ریگولیٹر کے پاس ایف پی سی سی آئی کے امور سے متعلق کوئی شکایت درج نہیں کی گئی؛ جس سے ان کی دیانتداری، شفافیت، انصاف پسندی، اہلیت اور تندہی سے فرائض کے انجام دہی واضح ہوتی ہے۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے مزید کہا کہ ڈی جی ٹی او کا 29 اگست 2023 کا خط مبہم، غیر منطقی،بد اخلاقی اور بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے؛ کیونکہ اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ کچھ معاملات ”ریگولیٹر کو رپورٹ کئے گئے“ اوریہ بھی بتانے کی زحمت نہیں کی گئی کہ آیا کوئی رسمی و تحریری شکایت موصول بھی ہوئی ہے یا نہیں؟لہٰذایہ واضح ہوتا ہے کہ ریگولیٹر اپنی مرضی، خواہشات اور تعصبات کے تحت کام کر رہا ہے۔ مزید برآں، یہ دعویٰ کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات متنازعہ تھے، مکمل طور پر غلط اور تضحیک آمیز ہے۔چیئر مین بز نس مین پینل میاں انجم نثار نے مطالبہ کیا کہ ڈی جی ٹی او غیر مشروط طور پر اپنا خط واپس لیں اور ریگولیٹر کے طور پر اپنی غیر جانبداری برقرار رکھیں؛بجا ئے اس کہ کے وہ پاکستان کی کاروباری برادری کے درمیان غلط معلومات اور عدم اطمینان پھیلانے کی کو شش کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی ا یپکس باڈی اور قومی اہمیت کا ادارہ ہے اور کسی کو بھی اس ادارے کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
ایف پی پی سی آئی کے معاملات پر ڈی جی ٹی او کا خط غیر اخلاقی اور توہین آمیز ہے: میاں انجم نثار
















