سی بی ڈی پنجاب کی ترقی میں خواتین کا انتہائی کلیدی کردار ہے: امریکی سفیر

لاہور (پ ر) امریکی سفیر ڈونلڈ اے بلوم نے امریکن قونصلیٹ کے ایک وفد کے ہمراہ سی بی ڈی پنجاب کا دورہ کیا۔ دورہ کا مقصد پنجاب میں اقتصادی ترقی اوراتھارٹی کے منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔امریکی سفیر کی قیادت میں وفد میں لاہور میں نئی تعینات ہونیوالی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کے ساتھ اکنامک، پبلک ڈپلومیسی اینڈ مینجمنٹ آفس کے ٹیم کے ممبران بھی شامل تھے۔ سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے امریکی سفیر کا استقبال کیا۔ معزز مہمانوں کا تعارف سی بی ڈی پنجاب سے وابسطہ اہم شخصیات سے کرایا گیا جن میں سی بی ڈی پنجاب کے سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ، چیئرمین بورڈ سی بی ڈی پنجاب، فضیل آصف جاہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل محمد عمر اور بزنس ڈویلپمنٹ، آرکیٹیکچر، پراجیکٹ مینجمنٹ، ہیومن ریسورسز اینڈ کمرشل ڈائر یکٹوریٹ کے ممبران شامل تھیں۔ امریکی سفیر نے اپنے دورہ کے دوران سماجی اور معاشی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر زور دیا۔ دورہ کے دوران گفتگو میں خواتین کی ترقی کو فروغ دینے والے اقدامات، پالیسیوں اور طریقوں پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈونلڈ بلوم نے سی بی ڈی پنجاب کی ترقی میں خواتین کے کلیدی کردار کو سراہا۔ امریکی سفیر کو سی بی ڈی پنجاب کے منصوبوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ بھی دی گئی۔امریکی وفد کو بتایا گیا کہ اتھارٹی پنجاب میں انفراسٹرکچر اور معاشی ترقی کو تقویت دے رہی ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے اتھارٹی کے منصوبوں اور اقدامات کو سراہا اور صوبہ پنجاب کی ترقی کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ سی ای او عمران امین نے کہا امریکی سفیر کی جانب سے پنجاب کو معاشی ترقی کا مرکز بنانے کیلئے ہمارے عزم کا اعتراف بہت حوصلہ افزا ہے۔ ان کے دورے سے پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ہماری کوششوں کو تقویت ملی ہے۔ اپنے دورے کے دوران امریکی سفیر اور ان کے وفد نے سی بی ڈی پنجاب پروجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا جس میں واضح پیشرفت دیکھنے میں آئی۔ یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو بڑھاتا ہے اور دونوں خطوں کے درمیان ممکنہ کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کو اجاگر کریگا۔