ڈی سی اسلام آباد کو 3ایم پی او اختیارات استعمال کرنے سے تاحکم ثانی روکدیا گیا
اسلام آباد(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 3ایم پی او اختیارات استعمال کرنے سے تاحکم ثانی روکدیا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی اور شاندانہ گلزار کو کسی کیس میں گرفتار نہ کرنے کے حکم میں بھی توسیع کردی۔
دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کس دائرہ اختیار کے تحت ڈی سی اسلام آباد بطور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ایم پی او جاری کر رہے ہیں؟ جواب میں حکومتی وکیل نے فوجی دور 1965 کا نوٹیفکیشن پیش کیا جسے عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دےدیا، عدالت نے جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا،عدالت نے کہاوفاقی دارالحکومت کیسے چل رہا ہے ؟ پرانے قانون کا اسلام آباد پر اطلاق کیسے ہوگا؟ معاونت کیلئے اٹارنی جنرل کو بلانا پڑے گا۔
جسٹس بابر ستار نے عرفان میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت تک آپ ایم پی او کا کوئی آرڈر جاری نہیں کریں گے، ڈی سی صاحب میری بات سمجھ رہے ہیں ناں؟۔
وکیل شیر افضل مروت نے شاندانہ گلزار کے موبائل فون واپس دلانے کی استدعا کی تو ایس ایس پی آپریشنز ، ڈی سی ایک دوسرے کی طرف دیکھنے لگے، پولیس حکام نے کہا علم کے مطابق موبائل فون واپس کئے جاچکے ، وکیل نے کہا فون ابھی تک نہیں ملے،شاندانہ گلزار سے بھی تصدیق کرالیں، عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز کو شاندانہ گلزار کے موبائل واپس دلانے کا حکم دےدیا۔
















