ملزم کو پولیس سکیورٹی میں گھر چھوڑنے کاحکم کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے،ن لیگ
اسلام آباد(بیورورپورٹ)ن لیگ کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے کہاہے ملزم کو پولیس سکیورٹی میں گھر چھوڑنے کاحکم کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے،پرویز الٰہی کے وکلا دعویٰ کر رہے ہیں پولیس افسروں کو سزائیں دلوا کر رہیں گے، ملکی عدالتی تاریخ عجیب و غریب ہے، نئی روش ہے عدالتیں ملزم کو گھر پہنچانے کی گارنٹی مانگتی ہیں۔
سوشل میڈیا بیان اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاآپ تب کہاں تھے جب رانا ثنا پر منشیات ڈالی گئیں،فریال تالپور کو چاند رات کو جیل بھیجا گیا، پی ٹی آئی دور میں کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ ے گئے، لاہور کے ماسٹر پلان میں تبدیلیاں کی گئیں۔
عطا تارڑ نے کہا نہیں پتہ تھا پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کون تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا پنجاب کا بڑا ڈاکو کون ہے، پرویز الٰہی پر کوئی نیا کیس نہیں بنایا گیا، سب اپنا کیا دھرا ہے، مونس نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے، بزرگ والد کو موجودہ حالت میں چھوڑ کر بیٹا عیاشی کر رہا ہے،ہاوسنگ سکیموں سے پیسے بٹورے گئے، لاہور کے ماسٹر پلان میں اربوں کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
لیگی رہنما نے مزید کہااربوں کی کرپشن کرنےوالے شخص نے ہمیشہ یہ بھڑکیں ماریں میں نے عدالتوں کو مینج کرلیا اب اگر وکلا وقت سے پہلے کہہ رہے ہیں جج صاحب کل ہی پولیس افسروں کو سزائیں دے دیں گے تو سسٹم پر بڑا سوالیہ نشان ہے وہ کرپشن کا پیسہ جاتا کہاں ہے جو 2300 ارب کی کی گئی ۔
عطا تارڑ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا پرویز الٰہی کے وکلا اور لاہور ہائیکورٹ کے جج کے درمیان کیا طے پایا؟ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے کی رہائی کی خاطر توہین عدالت لگانے کی ڈیل ہوئی،پہلی مرتبہ کسی جج نے پولیس کو کہا گھر چھوڑ کے آو، اقدام تاریخی کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے۔

















