نجی ٹیکسی کمپنیز کو ریگولرائز کر کے باقاعدہ دائرہ کار میں لایا جائیگا :ابراہیم مراد

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم مراد کا صوبے بھر میں نجی ٹیکسی کمپنیز کو ریگولرائز کر کے باقاعدہ دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ۔ اس مد میں قانون میں ترمیم بھی کرنے جا رہے ہیں۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ تمام نجی ٹیکسی کمپنیز کو حکومتی قوانین کے مطابق کام کرنا ہو گا۔ عام عوام کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیاں پاکستان میں ضرور کام کریں لیکن باقاعدہ قانون سازی و دائرہ کار کے مطابق کام کرنا ضروری ہے۔ ماضی میں نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کئی شہریوں کے ساتھ حادثات پیش آئے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کا کہنا تھا کہ نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی ہونا بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجسٹریشن کا طریقہ کار مختلف ہے اور اسی طریقے کار کے تحت کام ہونا چاہیے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ نجی ٹیکسی کمپنیوں کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے پاس محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب سے حاصل کردہ ر±وٹ پرمٹ ہونا لازم ہو گا۔ عام عوام کی سہولت کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت بھی کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔نجی ٹیکسی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے پروونشل موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کرنے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکریٹری ماس ٹرانزیٹ اتھارٹی، سیکریٹری پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی و دیگر موجود تھے۔