انٹرنیشنل سکول آف لاءاینڈ بزنس کے گریجوایٹس ملک کا نام روشن کرینگے : ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے الحمراءہال میں انٹرنیشنل سکول آف لاءاینڈ بزنس کی پہلی گریجوایشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انٹرنیشنل سکول آف لاءاینڈ بزنس کی انتظامیہ ادارے میں بچوں کو بین الاقوامی سطح کی تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ گریجوایٹس کیلئے کانووکیشن کا دن انتہائی اہم ہوتا ہے۔ انٹرنیشنل سکول آف لاءاینڈ بزنس کے فریش گریجوایٹس انشاءاللہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ لیڈرز ہمیشہ لیڈرز اور فولوارز ہمیشہ فولوارز ہی بناتے ہیں۔ ایک پرفارمر اپنی زندگی میں روزانہ کچھ نیا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ تقریب کے آخر میں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فریش گریجوایٹس کے درمیان سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر صحت نے نئے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ریسرچ سنٹر قائم کرنے کی خوشخبری سنا دی ہے۔اس سلسلے میں نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر اصغر نقی، پروفیسر شہزاد، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر عاصمہ، ڈاکٹر غزالہ بٹ، ڈاکٹر فواد، ڈاکٹر سعدیہ رفیق، ڈاکٹر عظمی ملک، رجسٹرار پروفیسر ریاست علی و دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران نئے کنگ ایڈورڈ ریسرچ سنٹر کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پروفیسر سائرہ افضل اور ڈاکٹر سعدیہ رفیق نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پریزنٹیشن دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سووینئیر شاپ، موجودہ ریسرچ سنٹر، زیر تعمیر کیفے ٹیریا اور لائبریری، سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر و دیگر شعبہ جات کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پرنگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے انارکلی کے تاجروں کی سکریننگ کرنے کا حکم بھی دیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایک طبی درسگاہ کے قیام کا بنیادی مقصد ہی معاشرہ کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ کرنا ہوتا ہے۔ تاریخی حیثیت کی حامل کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کنگ ایڈورڈ ریسرچ سنٹر کا اقدام انتہائی خوش آئند اور خوبصورت ہے۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے صاف پانی اور پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے شاندار آئیڈیاز اور ریسرچ پیش کی گئی ہے۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طلبائ و طالبات بہترین ریسرچ کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ کلینکل ٹرائلز ہر ریسرچ کا بنیادی جزو ہوگا۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی جدید ریسرچ پر مبنی پراڈکٹس کے لائسنس کو منظور کروایا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاویداکرم نے پنجاب کی دیگر طبی درسگاہوں کو بھی جدید ریسرچ پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے ویژن کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں جدید ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ نئی نسل کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے جدید ریسرچ انتہائی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباءو طالبات نے ہمیشہ جدید ریسرچ میں اپنا نام کمایا ہے۔