اسلام آباد (بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی نے کہاہے آئین بالاتر ہے ،الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 کی مدت کے مطابق انتخابات کی تاریخ دے۔
پی پی وفد نے چیف الیکشن کمشنر و حکام سے ملاقات کی، وفد میں نیئر بخاری، شیری رحمن، مرادعلی شاہ، نوید قمر، تاج حیدر اور فیصل کریم کنڈی شامل تھے،چیف الیکشن کمشنر نے وفد کو یقین دلایا جتنا جلد ممکن ہوسکے گا حلقہ بندی کے فوری بعد الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر بخاری نے کہاچیف الیکشن کمشنر سے کہا آئین بالاتر ہے دیگر قوانین آئین کے ماتحت ہیں،آئین وقت متعین کرتا ہے مقررہ مدت کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں، الیکشن کی تاریخ دینا بہت ضروری ہے،اپنا مقدمہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیا ،سی ای سی کی لاہور میں ہونےوالی آئندہ میٹنگ میں لائحہ عمل طے کریں گے۔
نوید قمر نے کہاالیکشن کمیشن سے کہا حلقہ بندیوں میں اتنا وقت درکار نہیں جتنا کہا گیا ،الیکشن کمیشن جتنا جلد ممکن ہوسکے الیکشن کو یقینی بنائے تاکہ ملکی معیشت بہتر ہو، الیکشن سے سیا سی بحران کم ، غیر یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہوگا۔
آئین بالاتر ،الیکشن کمیشن مقررہ مدت میں انتخابات کی تاریخ دے،پیپلز پارٹی
















