لاہور (اپنے نمائندے سے) چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے شاہد عزیز نے فیس بک ای کچہری میں عوام الناس کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک کی بہتری کیلئے کام ہو رہا ہے، ایم ایل ون ترجیحی منصوبہ ہے، اس سال کے آخر تک شروع ہوجائیگا۔ ٹرین آپریشن میں بہتری اور مسافروں کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،ٹریکس کی دستیابی اور وسائل میں بہتری کی صورت میں مزید ٹرینیں بحال کریں گے۔ گرین لائن ٹرین میں کوالٹی، سروس اور کھانے کے معیار کو بہت بہتر رکھا ہوا ہے، اس کا کرایہ سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل کیا گیا تھا سیکیورٹی معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام بڑے بڑے ریلوے سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، مزید سٹیشنوں پر بھی دائرہ کار بڑھایا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے شاہد عزیز نے فیس بک ای کچہری میں عوام الناس کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ سی ای او ریلوے نے کہا کہ دوسرے ممالک میں ریلوے میں 10 گنا زیادہ انوسٹمنٹ کی جاتی ہے۔ اگر پاکستان ریلوے میں بھی تھوڑی انوسٹمنٹ مل جائے تو ریلوے بہتر انداز میں منافع بخش ادارہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ حکومت پاکستان پنشنرز کی پنشن اپنے ذمہ لے لے تا کہ ریلوے کا بوجھ تھوڑا کم ہو سکے۔ وسائل میں کمی کی وجہ سے تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی میں مشکلات ہیں، چیزوں کو ٹھیک کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں سی ای او ریلوے نے مزید کہا کہ ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل رک گئی جس سے فریٹ ٹریفک میں کمی واقع ہوئی اور ریلوے کی آمدن میں بہت فرق پڑا۔ شاہد عزیز نے کہا کہ نئی کوچز کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کے بعد ایم ایل ٹو پر بھی کام کیا جائے گا اور وسائل میں بہتری آنے پر ریلوے نیٹ ورک کو وسعت دیں گے۔دو گھنٹے جاری رہنے والی ای کچہری کو دس ہزار سے زائد لوگوں نے دیکھا اور 12 ہزار سے زائد کمنٹس موصول ہوئے۔
ایم ایل ون ترجیحی منصوبہ، رواں سال کے آخر تک شروع ہوجائے گا: سی ای او ریلوے
















