پاکستان ترکمانستان گیس منصوبے پر کام تیز کرنے پر متفق

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیر توانائی ایم علی نے کہا ہے توانائی کی طلب میں اضافے سے تاپی گیس پائپ لائن جیسے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں، منصوبہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے ، خطے میں رابطے بڑھانے و اقتصادی ترقی کےلئے مدد گار ثابت ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، وزیر توانائی نے کہاپراجیکٹ پر پیشرفت درست سمت میں ہے ،مثبت اثرات برآمد ہوں گے،توقع ہے میزبان حکومت کا معاہدہ باہمی اتفاق رائے سے اکتوبر میں ہو جائے گا۔

ایم علی نے مزید کہا ترکمانستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کو سٹریٹجک پارٹنر سمجھتے ہیں،تاپی منصوبہ نہ صرف ملک کی تیزی سے بڑھتی توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد دے گا بلکہ علاقائی رابطوں و منسلک اقتصادی ترقی کےلئے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔