ذاتیات اور مفادات کی سیاست نے ہمیشہ اداروں کو نقصان پہنچایا: کاشف انور

لاہور(انٹرویو: نعےم جاوےد)سابق وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے آرگنائزیشن ٹریڈ ترمیمی ایکٹ 2023 پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کیا جسے قبول کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ قانون پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش ہوا اور منظور ہوگیا جو صحیح قانونی راستہ تھا۔ میں تو شروع سے ہی کہتا آرہا ہوں کہ چیزیں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں اور قانون اپنا راستہ خود بنائےگااور ایسا ہی ہوا ہے۔ قانون نے کہا کہ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے آفس بیئررز دو سال کیلئے ہونگے۔ ہم نے تسلیم کیا اب قانون ہی کہتا ہے کہ دو سال نہیں ایک سال کیلئے ہونگے تو اس قانون کو بھی ہمیں تسلیم کرنا چاہیے۔ یہ سیٹیں آنی جانی چیزیں ہیں اور نہ تو میں سدا کیلئے آیا تھا نہ کسی اور نے سدا کیلئے آنا ہے۔ میں سب کا ساتھی اور سب کا دوست بن کر رہا ہوں۔ انسان کا کردار اور سسٹم ٹھیک ہونا چاہیے باقی سب خود ہی ٹھیک ہوجاتا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خدمت سب کا مقصد ہونا چاہیے۔ ذاتیات اور مفادات کی سیاست نے ہمیشہ اداروں کی کاز کو نقصان اور سارے سسٹم کو ڈی ریل کیا ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ میں تمام ایسوسی ایشنز اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے گذارش کرتا ہوں کہ وہ بزنس کمیونٹی کی ترقی پر توجہ دیں۔ کرسی کی خاطر غیر معیاری سیاست نہ کریں۔ اپنے دور صدارت کی کارکردگی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کاشف انور نے کہا کہ ان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں ہوئیں جن میںٹریڈ اور انڈسٹری کے حوالے سے بڑی مفید گفتگو ہوئی۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے طویل عرصہ کے بعد لاہور چیمبر کا دورہ کیا جبکہ انڈین ڈپٹی ہائی کمشنر کا دورہ لاہور چیمبر بھی بہت اہم تھا۔ ان ملاقاتوں کے درمیان دوران دوطرفہ تجارتی معاشی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔میں نے امریکی سفیر کو دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے ممکنات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستانی تاجروں کی امریکی مارکیٹ تک زیادہ رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے ایک سے زائد مرتبہ ملاقاتیں ہوئیں اور قائم مقام وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے بھی ملاقات میں بڑی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ پہلی مرتبہ Alternate Dispute Resolution Center کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے ملکی اور غیر ملکی کیسز آﺅٹ آف کورٹ حل کئے جاچکے ہیں۔ لاہور چیمبر کے ممبران کو سہولت حاصل ہے کہ وہ قلیل رقم خرچ کرکے اپنے تنازعات کو لاہور چیمبر میں حل کرواسکتے ہیں جن کی ایک قانونی حیثیت بھی ہے۔ اس سے ان کا قیمتی وقت اور سرمائے دونوں کی بچت ہوگی۔ مجھے سینٹ آف پاکستان میں مدعو کیا گیا جہاں خطاب کرتے ہوئے میں نے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجزاور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیل سے اظہار خیال کیا اور ان کے جلد از جلد حل پر زور دیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف طبی و تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کا سلسلہ جاری ہے جن کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران اور سٹاف کے لیے خصوصی رعایت کا حصول ہے۔ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں ٹیکسیشن اقدامات، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی ضرورت اور ٹیکسوں کے حوالے سے تاجر برادری کو درپیش مشکلات اور ان کے حل پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مختلف ممالک کے سفیروں ، ڈپٹی ہائی کمشنرز و دیگر سفارتی عملہ کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ یورپین یونین کی سفیر سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر پاکستان کی یورپین یونین کے ساتھ تجارت، بالخصوص پاکستان کے لیے جی ایس پی پر تفصیل سے بات ہوئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کے لیے بھی بھرپور طریقے سے سرگرم عمل رہا۔ لاہور چیمبر میں وومن انٹرپنیور ریسورس سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔ کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا اشد ضروری ہے کیونکہ آبادی کا پچاس فیصد سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ملک کی معاشی ترقی میں ان کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس حوالے سے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فریحہ یونس بہت اچھا کام کررہی ہیں۔ لاہور چیمبر میں مختلف سرکاری اداروں کے ہیلپ ڈیسک لاہور چیمبر کے ممبران کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہیں۔