آبادی24کروڑ سے متجاوز،نئی مردم شماری منظور ،عام انتخابات میں تاخیر کاامکان

اسلام آباد (بیورورپورٹ)مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں مردم شماری کی متفقہ منظوری دےدی،اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج سے مکمل اتفاق کیا ،ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں3سے4ماہ کی تاخیر کاامکان پیدا ہوگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا 50 واں اجلاس ہوا ،چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا ،ادارہ شماریات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام شریک ہوئے، نئی مردم شماری کے معاملات پر غور کیا گیا،وزیراعلیٰ بلوچستان کی فلائٹ تاخیر کاشکار ہونے پر اجلاس میں وقفہ کیا گیا۔

اجلاس دوبارہ شروع ہونے پروزارت منصوبہ بندی و ترقی نے بریفنگ دی اور ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پیش کیے،اجلاس کو بتایا گیا پاکستان کی آبادی 24 کروڑ سے متجاوز کرگئی،بعدازاں کونسل نے متفقہ طور پر ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دےدی۔

اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس بریفنگ دی گئی ملکی تاریخ میں پہلی بار سنسس مانیٹرنگ کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی نمائندگان کی شرکت کو یقینی بنایا گیا،ڈیجیٹل مردم شماری کےلئے نادرا نے نہ صرف سوفٹ ویئر بلکہ ایک لاکھ 26 ہزار ٹیبلٹس، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (NTC) نے ڈیٹا انفراٹرکچر، سٹوریج اینڈ کمپیوٹنگ کی سہولیات جبکہ سپارکو نے بلاکس کی تازہ ترین سیٹلائٹ کی ڈیجیٹل تصاویر مہیا کیں،صوبائی حکومتوں نے ایک لاکھ 21 ہزار اہلکار، مسلح افواج اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروں نے اعدادو شمار اکھٹا کرنےوالے اہلکاروں کو سکیورٹی فراہم کی۔

بریفنگ میں بتایا گیاسنسس ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر مشترکہ مفادات کونسل نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو پہلے دن سے شامل کیا گیا،ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے مردم شماری کے دوران صوبائی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور تعلیمی ماہرین بھی حصہ رہے،مردم شماری کی تمام سرگرمیوں میں صوبائی چیف سیکرٹریز ،ضلعی انتظامیہ کو شفافیت کےلئے ڈیش بورڈ ز کے ذریعے پل پل نگرانی کی سہولت فراہم کی گئی۔

مزید کہا گیاڈیجیٹل مردم شماری 2023 یکم مارچ 2023سے22 مئی 2023 تک جاری رہی جبکہ ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد سروے 8 سے 19جولائی 2023 تک جاری رہا،2023 میں مجموعی طور پر پاکستان کی آبادی 241.49 ملین نفوس ریکارڈ کی گئی،خیبر پختونخوا کی آبادی40.85ملین، پنجاب کی آبادی 127.68 ملین، سندھ کی آبادی 55.69 ملین، بلوچستان کی آبادی 14.89 ملین اور اسلام آباد کی آبادی 2.36 ملین ریکارڈ کی گئی،آبادی میں اضافے کی موجودہ سالانہ شرح نمو 2.55 فیصد ہے جبکہ خیبر پختونخوا2.38 ، پنجاب2.53 ، سندھ2.57 اور بلوچستان 3.20 فیصد رہی۔

اجلاس نے متفقہ طور پر ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج منظور کیے،تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق کے بعد مردم شماری نتائج کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہامشترکہ مفادات کونسل وفاق کی مضبوطی کیلئے اہم آئینی ادارہ ہے، پہلی ڈیجیٹل مردم شماری بہترین طریقے سے سے مکمل ہونا خوش آئند ہے،صوبائی حکومتوں ،پاکستان ادارہ شماریات نے قومی فریضے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا، احسن اقبال، وزارت کے افسروں،بالخصوص ادارہ شماریات اور گھر گھر جا کر اندراج کرنے والے اہلکار ڈیجیٹل مردم شماری کی کامیابی سے تکمیل کیلئے لائق تحسین ہیں۔

شہباز شریف نے کہا 6 سال کے دوران آبادی میں 3.5 کروڑ کا اضافہ باعث فکر ہے، آبادی کے اضافے کا تناسب پاکستان کی معاشی ترقی سے کہیں زیادہ ہے، آبادی میں اضافہ متعدد قسم کی مشکلات پیدا کرتا ہے، مسئلہ پاکستان میں آئندہ منتخب حکومت و مستقبل کےلئے بڑا چیلنج ہے،آبادی میں اضافے کی موجودہ رفتار انتہائی پریشان کن ہے، تمام قومی اداروں ،صوبائی حکومتوں کو آبادی میں اضافے کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے، ملک کے محدود وسائل بڑھتی آبادی کیلئے ناکافی ہیں۔

وزیراعظم نے کہااگر آبادی کی شرح نمو موجودہ رفتار سے جاری رہی تو تمام تر کاوشوں کے باوجود پاکستان میں غربت اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا، محفوظ مستقبل کیلئے آبادی میں اضافے پر قابو پانے اور موجودہ آبادی کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

دریں اثنا وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاآرٹیکل 51 کے تحت عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے، اب الیکشن کمیشن پر ہے حلقہ بندیوں کا عمل کتنی جلدی کرتا ہے،اعظم نذیر تارڑ نے کہا مشترکہ مفادات کونسل میں تمام 8 ممبران نے نئی مردم شماری کی منظوری دی،آئینی بحرانی کیفیت کودور کر لیا گیا۔

وزیر قانون نے مزید کہا4ماہ میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنا ہوتا ہے اب الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے کتنی جلدی حلقہ بندیوں کا معاملہ طے کرتا ہے،تمام صوبوں کی نشستیں وہی رہیں گی، کوئی رد و بدل نہیں ہوگا، مردم شماری کے نتائج سے نشستوں کی تقسیم پر اثر نہیں پڑے گا۔

مزید برآں مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے نئی مردم شماری کی منظوری کے بعد ادارہ شماریات نے آبادی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

بیورو آف شماریات کے مطابق نئی مردم شماری کے بعد پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین ریکارڈ ہوئی ، آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے، ملک کی دیہی آبادی 61.18 ،شہری آبادی 38.82 فیصد ہے،ساتویں خانہ و مردم شماری کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ آبادی پنجاب 127.68 ملین ریکارڈ کی گئی ، صوبے میں آبادی کے اضافے کی شرح 2.53 فیصد ہے، پنجاب کی 59.30 فیصد آبادی دیہی جبکہ 40.70 فیصد شہری ہے،سندھ کی کل آبادی 55.69 ملین ریکارڈ کی گئی ، صوبے میں اضافے کی شرح 2.57 فیصد ، سندھ کی 46.27 فیصد آبادی دیہی اور 53.7 فیصد شہری ہے،خیبرپختونخوا کی کل آبادی 40.85 ملین ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان شماریات کے مطابق بلوچستان کی کل آبادی 14.89 ملین ہے، صوبے میں اضافے کی شرح 3.20 فیصد ہے،اسلام آباد کی آبادی 2.36 ملین ریکارڈ کی گئی، وفاقی دارالحکومت میں اضافے کی شرح 2.81 فیصد ہے۔

ادھر ذرائع کے مطابق نئی ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کے بعد عام انتخابات میں 3سے 4ماہ کی تاخیر کا امکان ہے کیونکہ انتخابات نئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے اور نئی مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔

دوسری جانب سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مردم شماری کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا،ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چودھری نے کہا نئی مردم شماری پنجاب کے سیاسی حقوق پر بڑا ڈاکہ ہے، کیا ہوا پنجاب کی آبادی اتنی کم ہو گئی کہ قومی اسمبلی کی 8 نشستیں کم ہو گئیں؟ نہ طریقہ کار پر بحث ہوئی نہ نتائج کی شفافیت کا پتہ۔

سابق وزیر نے کہا جہلم و چکوال جیسے اضلاع صرف ایک نشست کے اضلاع بن جائیں گے، ملتان، لاہور ، گوجرانوالہ کو بھی نشستیں کھونی پڑیں گی،فواد چودھری نے کہاپنجاب کے سیاستدانوں کا رویہ مایوس کن ہے اب خود مردم شماری کو عدالت میں چیلنج کروں گا۔