دہشت گردی پر کنٹرول ناگزیر،پورا ملک لپیٹ میں آجائےگا: محسن داوڑ

واشنگٹن (خواجہ فاروق)سربراہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ محسن داوڑ نے خبردار کیا ہے کہ عسکریت پسندی خیبر پختونخوا سے نکل کر پورے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔پاکستانی صحافیوں اور اسکالرز کے ساتھ گفتگو کے دوران پشتون رکن قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے حامیوں پر اگلے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی لگانے کی بھی مخالفت کی کیونکہ ا±ن کے بقول ایسا کرنا جمہوری اصولوں کے خلاف ہوگا۔دہشت گردی کے حوالے سے محسن داوڑ نے کہا کہ اس سب کے بہت خطرناک نتائج ہوں گے، اگر اسے ابھی نہ روکا گیا تو اس پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عسکریت پسندی پر قابو نہ پایا گیا تو یہ لوگوں کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے سے بھی روک سکتی ہے، یہ ایک بھڑکتی ہوئی آگ ہے، اسے ابھی ختم کر دینا چاہیے ورنہ یہ پورے پاکستان میں سب کو جلا دے گی۔انتخابات وقت پر ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں محسن داوڑ نے کہا کہ جمہوریت میں الیکشن ہی واحد آپشن ہوتا ہے اور اسے وقت پر ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ ان کی پارٹی نگران سیٹ اپ کو اضافی اختیارات دینے کے خلاف ہے، ان کے پاس صرف روزمرہ کے معاملات چلانے، انتخابات کرانے اور جانے کے اختیارات ہونے چاہئیں، اس کے علاوہ جو کچھ بھی ہوگا وہ آئین کے خلاف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے حامی اراکین پارلیمنٹ نگران سیٹ اپ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور مقامی رہنماو¿ں کو شامل کرنے کے خلاف ہیں، یہ پورے عمل کو مشکوک بنا دے گا اور دھاندلی کا باعث بنے گا۔پشتون رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کی پارٹی عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماو¿ں کو انتخابات سے روکنے کے خلاف ہے، اس طرح کی پابندیاں جمہوریت کی روح کے خلاف ہیں، اگر آپ کے پاس کچھ افراد کے خلاف ثبوت ہیں تو ان پر ان جرائم کا الزام لگائیں جو انہوں نے کیے ہوں گے اور عدالتوں کو فیصلہ کرنے دیں، حکومت 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو بے نقاب کرے اور یہ اختیار عوام کو دیں کہ وہ انہیں مسترد کردیں۔