لاہور (ہیلتھ رپورٹر) سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے انتظامات کےلئے سفارشات کی تیاری کی خاطر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نگران صوبائی وزراءڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر اور منصور قادر نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سیکرٹری لیبر فیصل فرید، کمشنر پیسی نادیہ ثاقب، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عاصم الطاف، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، ڈاکٹر سہیل عزیز و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔نگران صوبائی وزراءنے اجلاس کے دوران صوبہ بھر کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھولنے کے حوالے سے طبی سہولیات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر پیسی نادیہ ثاقب نے نگران صوبائی وزراءکو اس حوالے سے بریفننگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھولنے کا تاریخی فیصلہ اور اعلان کیا ہے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھولنے کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر کے بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کا لوڈ شیئر ہوجائےگا۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کلینیکل آڈٹ بھی کروا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا باقاعدگی کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عوام کیلئے کھولنے میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام بنیادی کردار ادا کرےگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سوشل ویلفیئر کے اداروں کو بھی عام عوام کیلئے کھولنا چاہتے ہیں۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج کیلئے صلاحیت بھی بڑھائی جا رہی ہے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے۔نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصرنے کہاکہ صنعتی کارکنوں کو اب سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں شام کے وقت بھی علاج کی سہولت میسر ہو گی۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں موجود صنعتی کارکنوں کی ضروریات سے زیادہ سہولتیں ہی صرف عام شہریوں کے علاج کےلئے استعمال کی جائیں گی۔ڈاکٹرجمال ناصرنے کہاکہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرےگی۔ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ نگران صوبائی وزیر منصور قادر نے کہاکہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کے عملہ کی جدید تقاضوں کے مطابق تربیت کرنے جا رہے ہیں۔سوشل سکیورٹی کے گورننگ باڈی کے اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو شہریوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا :ڈاکٹر جاوید اکرم
















