شانگلہ (بیورو رپورٹ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اوّلین ترجیح ہے، آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہماری جماعت خیبرپختونخوا کے عوام کی تقدیر بدل دے گی. ہفتہ کو مارتونگ میں نادرا دفتر کے افتتاح کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاکستان نے تیزی سے ترقی کی اور ملک کو خوشحالی کی بلندیوں تک پہنچایا، امید ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جڑیں عوام میں مضبوط ہیں اور اس کی عوامی فلاح و بہبود اور پاکستان کی پالیسیوں کی وجہ سے سینئر اور مقبول سیاستدان وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کی قیادت میں ملک کو معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اس میں شامل ہو رہے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سابق رکن قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی سمیت چار دیگر ارکان پارلیمنٹ نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے اور پارٹی قیادت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انجینئر امیر مقام نے نادرا آفس کے افتتاح پر مارتونگ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ شانگلہ کی دیگر تحصیلوں میں بھی اس کے دفاتر قائم کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ یہاں کے عوام کو سہولت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ سمیت خیبر پختونخوا کے عوام سیاسی تبدیلی کیلئے تیار ہیں اور وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے۔ امیر مقام نے کہا کہ وہ مارتونگ کے بجلی سے متعلق مسائل سے بخوبی واقف ہیں، لوگوں کو چاہیے کہ بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کریں۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد خان اور دیگر نے ضلع شانگلہ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا شکریہ ادا ک۔ انہوں نے کہا کہ مارتونگ میں نادرا دفتر کے آغاز سے لوگوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ان کی دہلیز پر ملے گی اور اس سے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔اس موقع پر لوگوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور انجینئر امیر مقام کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔
ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اوّلین ترجیح ہے :امیر مقام


















