لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول ول پمپ اور گیس ری فلنگ سٹیشن شہریوں کے جان و مال کیلئے خطرہ بن گئے۔ محکمہ سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار غیر قانونی منی پٹرول پمپ اور گیس ری فلنگ سٹیشن بند کرانے میں بری طرح ناکام ہوگئے۔ گلشن راوی، والٹن، پیکوروڈ ،کچا جیل روڈ، لیاقت آباد، اسلام پورہ، ساندہ، لاڑی اڈہ کے علاوہ شہر کے مختلف گنجان آباد علاقوں اور گلی محلوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپوں اور گیس ری فلنگ سٹیشن قائم ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں موجود غیرقانونی منی پٹرول پمپوں اور گیس سٹیشنوں سے انکی جان و مال کیلئے خطرہ ہے جنہیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کارروائی کرتے ہوئے فوری ختم کروائے جو کہ کسی بھی وقت شہر میں بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی موسم کی حدت بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس سلنڈر دھماکے ہوئے جس سے شہریوں کا جانی ومالی نقصان ہوا۔ یاد رہے اعلیٰ حکام کی جانب سے گیس سٹیشنوں کےخلاف کریک ڈاو¿ن کے واضح احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن انکے احکامات ردی کی ٹوکری میں ڈال دئیے گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی پیٹرول پمپوں اور گیس سٹیشنوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پرکارروائی نہ ہونے سے شہر میں ان کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ شہر کی سیاسی، سماجی ،فلاحی اور شہری تنظیموں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور سی سی پی او لاہور سے فوری نوٹس لیکر شہریوں کی زندگیاں داو¿ پر لگانے والے ان منی پٹرول پمپوں اور گیس سٹیشنوں کےخلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت،غیرقانونی منی پٹرول پمپوں،گیس ری فلنگ سٹیشنوں کی بھر مار
















