اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے اگر نواز،شہباز کے ادوار کو نکال لیں تو پھرملک میں کوئی ترقیاتی کام نظر نہیں آئےگا، 12 اکتوبر کا سانحہ نہ ہوتا تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوچکا ہوتا،ان خیالا ت کااظہار انہوں نے مارگلہ ایونیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے 2انتہائی اہمیت کے حامل منصوبوں کا افتتاح کیا ، مارگلہ ایونیو نئے آباد ہونےوالے سیکٹرز کو جی ٹی روڈ سے ملائے گی نہ صرف ٹریفک کا لوڈ کم ہوگا بلکہ لوگوں کےلئے سفر میں آسانی ہوگی،وزیراعظم نے 20 ارب لاگت کے ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح بھی کردیا ، انہوں نے کہا کامیاب تحریک عدم اعتماد کے بعد شہباز شریف نے حکومت سنبھالی اور ملک کو مسائل سے نکالنے کےلئے دن رات ایک کر دیا ، اپنی حکومت کے پہلے مہینے میں اسلام آباد ائیر پورٹ میٹرو بس سروس کا افتتاح کیا پھرترقی کا سفر تیز سے تیز تر ہوتا گیا۔
رانا ثنا نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے سیاست میں خدمت کو فروغ دیا ،تنقید بھی ہوئی لیکن راستہ نہیں بدلا ، خدمت کی سیاست ہی ملک و قوم کی نجات کا باعث بن سکتی ہے، 12 اکتوبر کا سانحہ نہ ہوتا تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوچکا ہوتا ایسا ہوتا تو لوگ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جاتے ہوئے سمندروں میں نہ ڈوبتے۔
ا س سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا شکایات کے انبار لگانے یا بلاول بھٹو کی تقریر سے پہلے ہی اختلافات حل ہو چکے تھے، وزیر اعظم نے پیپلز پارٹی کے اعتراضات تسلیم کرتے ہوئے جوکچھ ممکن تھا تسلیم کر لیا،بلاول بھٹو زرداری کا سیاسی طور پر بات کرنا سوٹ کرتا تھا، کوئی تشویش والی بات نہیں، اتحادی حکومت کی باقی مدت بھی افہام و تفہیم سے گزر جائے گی۔
رانا ثنا نے مزید کہا انسانی سمگلنگ پرتحقیقات ہو رہی ہیں، سخت ترین قوانین کے تحت کارروائی کر کے سمگلرز کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،انسانی سمگلرز نے فی فرد 20 سے 25 لاکھ وصول کیے،انسانی سمگلرز کیخلاف عالمی تعاون بھی حاصل کیا جائے گا اکثر کیسز میں ایجنٹ مدعی کو پیسے دلا کر کیس ختم کرا دیتے ہیں،ایک ہفتے میں کمیٹی کام مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔
اتحادی حکومت کی باقی مدت بھی افہام و تفہیم سے گزر جائےگی،رانا ثنا
















