بلاول بھٹو کی دھمکی کام کرگئی، سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب منظور

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی دھمکی کام کرگئی، وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب کی منظوری دےدی۔ ذرائع کے مطابق رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہوگی، وزیراعظم شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کے وفد کو ملاقات میں فنڈز فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

دریں اثنا وفاقی بجٹ کے معاملے پر حکمران اتحاد میں شامل اہم جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں اختلافات تاحال برقرار ہیں، پیپلز پارٹی نے اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کرنے پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو تحریری طور پر تحفظات سے آگاہ کردیا، خط میں شکایت کی گئی مقامی ترقیاتی منصوبوں میں پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی جاتی۔

انچارج پی پی سینٹرل سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا بطور وزیر برائے منصوبہ بندی معاملے کی نگرانی کریں، یقینی بنائیں ترقیاتی منصوبوں میں پی پی کو فعال طور پر شامل کیا جائے۔