لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) تھانہ لیاقت آباد کی حدود میں منی پٹرول پمپوں کی بھرمار، پولیس اور سول ڈیفنس اہلکار منتھلیاں لیکر خاموش، ذرائع کا کہنا ہے کہ تلہ بازار سمیت دیگر علاقوں میں قائم 20 کے قریب منی پٹرول پمپ مشینوں سے فی مشین ہزاروں روپے منتھلی پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار وصول کررہے ہیں ۔ غیرقانونی پٹرول کی فروخت متعلقہ اداروں کی مبینہ ملی بھگت کیساتھ دھڑلے سے جاری ہے، جگہ جگہ کھلے پٹرول کی دکانوں اور منی پٹرول پمپوں کی وجہ سے شہر میں کوئی بڑا سانحہ پیش آنے کا بھی خدشہ بڑھنے لگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منتھلی نہ دینے والوں کےخلاف فوری ایف آئی آردرج کرکے اضافی رقم الگ سے وصول کی جاتی ہے جبکہ منتھلی دینے والوں کو سرعام پٹرول فروخت کرنے کی کھلی چھوٹ ہے۔ تھانہ لیاقت آباد کے علاقے تلہ بازار کے رہائشی گل خان،سمیر اعوان اور خرم کا کہنا تھا کہ ان منی پٹرول پمپوں کو چلانے والا باقاعدہ ایک مافیا پولیس کی سرپرستی میں سرگرم ہے اور باقاعدگی سے فی مشین ہزاروں روپے ماہانہ منتھلی وصول کرتا ہے۔ خبر کے بارے میں موقف کیلئے جب متعلقہ تھانے سے رابطہ کیا گیا تو وہاں سے جواب ملا کہ میرا ان پٹرول پمپوں سے کوئی واسطہ نہیں، میرے خلاف ان پٹرول پمپوں کے حوالے سے خبر شائع کی گئی تو ایف آئی آر کاٹ کر حوالات میں بند کر دوں گا۔
تھانہ لیاقت آباد کے علاقے میں منی پٹرول پمپوں کی بھر مار، پولیس کی خاموشی

















