انتخابات کیس میں 7رکنی بنچ بنا ہی نہیں تو فیصلہ 4-3کاکیسے ہوسکتاہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پنجاب ،خیبرپختونخوا انتخابات از خود نوٹس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیاگیا،ازخود نوٹس کیس کا 43 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منیب اختر نے تحریر کیا ، فیصلے میں 14 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹس بھی شامل ہیں،فیصلے میں کہا گیا فیصلے کو 4-3کا کہنا بالکل غلط ہے، 7رکنی بنچ بنا ہی نہیں تو 4-3کا تناسب کیسے ہوسکتا ہے۔

چیف جسٹس نے الیکشن معاملے پر سب سے پہلے 9 رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا،9رکنی لارجر بنچ نے 23 فروری کو پہلی سماعت کی اور پھر ٹی روم میں ملاقات کی، 9ججز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا جسے 27 فروری کو جاری کیا گیا ،تفصیلی فیصلے میں بنچ کی از سر نو تشکیل کے حکم نامے کا حوالہ دیا گیا۔

فیصلے کے مطابق چیف جسٹس نے انتخابات کے معاملے پر پہلے 9 اور پھر 5رکنی صرف 2بینچز تشکیل دئیے، کیس میں کسی دوسرے بنچ کا کوئی وجود نہیں ،بصد احترام 4-3کے تناسب سے فیصلے کی رائے درست نہیں ۔

مزید کہا گیا بات قابل غور ہے سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے فیصلے پر پانچوں ججز کے دستخط موجود ہیں، جسٹس منصور علی شاہ نے دستخط کیساتھ لکھا میں نے الگ سے آرڈر لکھا ،جسٹس جمال مندوخیل لکھتے ہیں میں نے مرکزی فیصلے کیساتھ الگ نوٹ تحریر کیا ، اختلاف کرنےوالے دونوں ججز نے مشترکہ آرڈر جاری کیا جس پر صرف 2 ججز کے دستخط موجود تھے۔

قبل ازیں سپریم کورٹ نے پنجاب انتخابات کیس میں وفاقی حکومت کی لارجر بنچ کی استدعا مسترد کر دی،چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے سماعت کیلئے 3 رکنی بنچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے انتخابات نظرثانی کیس کی کاز لسٹ جاری کر دی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بنچ منگل کو سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں۔