اسلام آباد (بیورو رپورٹ) توانائی بچت پلان، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ، قومی اقتصادی کونسل نے منظوری دےدی، اقدام سے سالانہ ایک ارب ڈالر بچت ہوگی، آئندہ مالی سال کیلئے 2700 ارب کے ترقیاتی پروگرام کی بھی منظوری، ورکنگ خواتین میں 22 ہزار سکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، پنجاب، خیبر پختونخوا کے نگران وزرائے اعلیٰ، سندھ کے وزیراعلیٰ نے شرکت کی، بلوچستان کے وزیراعلیٰ شریک نہیں ہوئے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا فیصلہ نظراندازکرکے صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری نے شرکت کی، میر عبدالقدوس بزنجو نے اجازت کے بغیر این ای سی اجلاس میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیر نور دمڑ اور چیف سیکرٹری پر برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں قومی توانائی بچت پلان پیش کرکے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا، آئندہ مالی سال کیلئے 2700 ارب کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا اجلاس میں تمام صوبوں کی نمائندگی تھی، شرکا نے تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یکم جولائی سے رات 8 بجے تمام مارکیٹیں بند کرنے کی منظوری دی، اتفاق کیا گیا صوبے مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ امریکہ، یورپ، چین میں کمرشل ایریاز کو کھولنے کی اجازت نہیں ہوتی، توانائی بچت سے ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے، توانائی پر سب سے زیادہ اخراجات آتے ہیں، قابو کرنے کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، اگر کنٹرول کرلیں گے تو بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے، مزید فیصلے بھی کریں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، معاشی بحران ورثے میں ملا، (ن) لیگ کی گزشتہ حکومت میں انرجی بحران کو حل کیا گیا، گزشتہ حکومت کے پاس ترقی کا کوئی روڈ میپ نہیں تھا، ہمارے دور میں سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا، معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات بڑھانا ہوں گی، انٹرنیٹ فار آل منصوبے کو فروغ دیں گے۔ احسن اقبال نے کہاڈیجیٹل پاکستان کی طرف تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مستقبل میں مضبوط ڈیجیٹل نظام سے تیزی سے ترقی ممکن ہوگی، حالیہ سیلاب سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان ہوا، مینوفیکچرنگ شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنایا جائےگا، پاکستان کوموسمیاتی تبدیلی سے شدید خطرات درپیش ہیں، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے سبز انقلاب لایا جائےگا، گزشتہ حکومت نے ملکی ترقی کیلئے کچھ کام نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا سعودی عرب نے ایک بار پھر 10 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار کم کرنے کا فیصلہ کرلیا، خطرہ ہے سال کے آخر تک تیل کی قیمتیں ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں، پرانے بلب کو ختم کرکے ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال کیا جائےگا، آئندہ مالی سال کےلئے ترقیاتی بجٹ 1150 ارب رکھا گیا ، غریب ترین 20 اضلاع کو ترقی دیں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ کے فیصلے کی صوبائی وزرائے اعلیٰ نے تائید کردی، پرانے بلب کی جگہ ایل آئی ڈی لائٹس لانے ،گرین انرجی منصوبے پر عملدرآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزرائے اعلیٰ نے فیصلہ کیا توانائی پالیسی لاگو ،امپورٹڈ فیول بل کو کم کیا جائےگا، این ای سی نے فیڈرل فلڈ پروٹیکشن پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دےدی۔
یکم جولائی سے مارکیٹیں رات 8 بجے بند ،قومی اقتصادی کونسل نے منظور ی د ےدی

















