پنجاب میں بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کا فروغ ،امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کی سی بی ڈی اقدامات کی ستائش

لاہور (کامرس رپورٹر) امریکی ڈپٹی چیف آف مشن برائے پاکستان اینڈریو شوفر نے جمعہ کو پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) کا دورہ کیا، اس دورہ کا مقصد اتھارٹی کی جانب سے شروع کئے گئے شہری عمودی اور اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن کے ہمراہ امریکن قونصلیٹ جنرل لاہور کا ایک وفد بھی تھا جس میں امریکن قونصل جنرل ولیم کے مکانیول، پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف کیتھلین گبیلیسکو اور کلچرل افیئرز آفیسر پال گار شامل تھے۔پی سی بی ڈی ڈی اے کے سی ای او عمران امین اور اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام میں سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل محمد عمر، ڈائریکٹر بزنس ڈویلپمنٹ، علی وقار شاہ اور ڈائریکٹر آرکیٹیکچر سمیر آفتاب تھے۔ امریکی ڈپٹی چیف آف مشن کی قیادت میں وفد کو پی سی بی ڈی ڈی اے کے منصوبوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے پنجاب میں بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اتھارٹی کی جانب سے کی جانے والی نمایاں کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پی سی بی ڈی ڈی اے کے اس اہم کردار کو تسلیم کیا جو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے سازگار ماحول فراہم کررہاہے، جو بالآخر پاکستان کی خوشحالی میں معاون ہے۔پی سی بی ڈی ڈی اے کے سی ای او عمران امین نے امریکی سفارتخانے کی طرف سے اتھارٹی کہ کوششوں کو سراہنے پرانکاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پنجاب کو تجارتی سرگرمیوں کیلئے ایک متحرک مرکز میں تبدیل کرنے میں اتھارٹی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اورصوبہ پنجاب کی اقتصادی ترقی کو مزید تیز کرنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔عمران امین کا کہنا تھا کہ امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر کی طرف سے اتھارٹی کی کوششوں کو سراہنے اور انکی پی سی بی ڈی ڈی اے آمد پر انکا مشکور ہوں۔ ہمارا وژن جدید ترین انفراسٹرکچر، عالمی معیار کی سہولیات، اور جامع معاون خدمات فراہم کرکے کاروبار کیلئے ایک سازگار ماحول بنانا ہے۔ ہم پنجاب میں پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے امریکہ سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔ امریکی حکام کا دورہ پی سی بی ڈی ڈی اے اور امریکی سفارتخانے کے درمیان تعمیری مکالمے کیلئے ایک پلیٹ فارم کا کام کرےگا جس سے پنجاب میں کاروباری ماحولیاتی نظام کو بڑھانے کیلئے خیالات کے تبادلے اور بہترین طریقوں میں مدد ملے گی۔ ہم سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں۔