نگران حکومت ہرسطح پرکفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنارہی ہے :ایس ایم تنویر
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت محکمہ خزانہ کے کمیٹی روم میں کفایت شعاری کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے مختلف محکموں کے منظوری کےلئے 24کیس پیش ہوئے۔14کیس مفاد عامہ کی سکیموں کے آپریشنل امور کے لئے نئی گاڑیوں، 4کیس ائرٹریول، 4کیس ائیر کنڈیشنر کی خریداری اور 2کیس انتظامی امور سے متعلق تھے۔ کمیٹی نے کفایت شعاری پالیسی کے پیش نظر صرف مفاد عامہ کی سکیموں کےلئے نئی گاڑیوں اور ائیرکنڈیشنرز کی خریداری کی منظوری دی جبکہ کفایت شعاری کمیٹی نے غیر اہم سکیموں کے کیس مسترد کر دئیے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت ہرسطح پرکفایت شعاری کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنارہی ہے۔ مشکل معاشی صورتحال کسی صورت وسائل کے ضیاع اور اصراف کی اجازت نہیں دیتی اسلئے سرکاری سطح پر کفایت شعاری اپنانے کے حوالے سے پرایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور سادگی کے حوالے سے پنجاب کی نگران حکومت نے مثال قائم کی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کفایت شعاری پالیسی کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ کفایت شعاری پالیسی پر مکمل عملدرآمد جاری رہےگا ۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے حکومت عوام کی بھرپور خدمت کررہی ہے ۔ سیکرٹری خزانہ، کمیٹی ممبران اور مختلف محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
















