دفاعی تنصیبات پر حملوں کے ذمہ دار صدر علوی،عمران کی گرفتاری میں فوج کا کردار نہیں تھا، خواجہ آصف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے9 مئی اور دفاعی تنصیبات پر حملے کے ذمہ دار صدر مملکت عارف علوی ہیں،حملے کی ابتدا اور سوشل میڈیا پر اخلاقیات کی تباہی میں علوی کاکردار ہے اگر ملکی قانون نے حساب نہ لیا تو اس جہاں میں نہ سہی اگلے جہاں میں حساب دیں گے، میرا موقف تاریخ کے واقعات کی بنیاد پر ہے۔

عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں،رینجرز نے گرفتاری میں صرف پولیس کی مدد کی تھی، عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لوگوں کو اکسانے اور منظم حملوں کا جواز و بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا تحریک انصاف پر پابندی کیلئے ابھی اتحادیوں سے مشاورت شروع نہیں ہوئی، پابندی کی فوری ضرورت پڑی تو اتحادیوں سے مشورہ بھی کر لیا جائے گا، تحریک انصاف پر پابندی کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی بنانے کےساتھ متبادل کمیٹی بھی بنا دے اگر مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی چھوڑ جائے تو کوئی متبادل انتظام بھی ہونا چاہیے،نوازشریف ضرور پاکستان آئیں گے۔