نظام زیادہ دیر تک ادھار پر نہیں چلایا جاسکتا ،احسن اقبال

لاہور(اپنے رپورٹر سے)وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر بروقت ہوں گے،90روز کے اندر الیکشن کا فیصلہ سیاسی تھا آئینی و قانونی نہیں،9مئی کے جرم میں ملوث افراد کیخلاف ثبوت موجود ہیں،کسی ایک پارٹی کے پاس صلاحیت نہیں اکیلے پاکستان کو مشکلات سے نکال سکے،نظام زیادہ دیر تک ادھار پر نہیں چلایا جاسکتا۔

پی ٹی آئی اوور سیز سوشل میڈیا کے لوگ جس طرح ملکی دفاعی اداروں کےخلاف زہریلا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کوئی بھی محب وطن حمایت نہیں کرےگا، ایک ہو کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہو گا، ٹیکنالوجی کی دنیا میں تبدیلی آرہی ہے ،آگے بڑھنے کیلئے خود کو جدید خطوط کے مطابق ڈھالنا ہوگا،ان خیالات کااظہار انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ارفع کریم ٹاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احسن اقبال نے کہاپاکستان ایٹمی طاقت ہے،کوئی شخص اگر نوجوانوں کو بار بار کہے گا غلام ہیں تو دماغی حالت کیا ہو جائے گی ،ایٹمی طاقت کے نوجوان کیسے غلام ہو سکتے ہیں، کوئی غلام بنانے کا نہ سوچے ،آزاد قوم ہیں،نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کےلئے لیپ ٹاپ دئیے،پاکستان میں فری لانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے،فیصلہ کیا ہے دوبارہ نوجوانوں کیلئے لیپ ٹاپ سکیم شروع کریں،وفاقی وزیر نے مزید کہاکل آمدنی 5000 ارب ہے، بمشکل اتنے وسائل ہیں کہ اپنے قرضوں کی ادائیگی کر سکیں، تمام معاملات ادھار پر ہیں،وسائل بڑھانے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں ،نظام زیادہ دیر تک ادھار پر نہیں چلایا جاسکتا ، پاکستان مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے ،ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا انقلابی ایک 2دن کی جیل برداشت نہیں کرسکے،ہم نے تو سختیاں بھی برداشت کیں، مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا ،سیاست چھوڑی نہ جماعت، لیڈر شپ نے جیل دیکھی لیکن کبھی ماتھے پر شکن نہیں آئی،پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ اداروں کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ،کوئی بھی محب وطن پاکستانی حمایت نہیں کرےگا،آئی ایم ایف کےساتھ بات چیت آخری مرحلے میں ہے ،تمام شرائط پوری کر لیں،آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔