لاہور (خبرنگار) شہر بھر میں اشیا خورونوش پر ناجائز منافع خوری کو روکنے کےلئے ضلعی انتظامیہ تاحال کوئی بھی جامع پالیسی ترتیب نہ دے سکی۔ سرکاری نرخوں کی عملداری کرانےوالے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اخلاقی وپیشہ وارانہ تربیت کےلئے ورکشاپس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے جسے مسلسل نظر اندازکیاجاناضلعی حکومت کی عدم سنجیدگی کو ثابت کررہاہے۔تاہم اس وقت متعددایسے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹ میں آچکے ہیں جنہیں پرائس چیکنگ کا کوئی تجربہ نہیں اورتکڑی سفارشوں کے ذریعے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اضافی ذمہ داریاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ذرائع نے بتایاہے کہ اکثر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ٹھیکے پر پرائیویٹ وسرکاری بندے رکھے ہوئے ہیں جوناجائز منافع خوری پر قابوپانے کی بجائے اس میں مزید اضافے کا باعث بن چکے ہیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے ٹھیکیداروں کے ذریعے پرائس چیکنگ کے نام پر بھاری جرمانے اور سزاﺅں سے خوفزدہ کرکے دیہاڑیاں لگارہے ہیں تاہم اسکے بعد متعلقہ تھانہ بھی پیچھے نہیں رہتا اوراپنا حصہ بقدر جثہ وصول کرنے کےلئے کمرکس لیتاہے جس کے بعد متعلقہ دکانداردونوں محکموں کو رشوت اداکرکے مزید دلیر ہوکر ناجائز منافع کمانے میں جت جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ابھی تک شہر سے ناجائز منافع خوری تو ختم نہ ہو سکی البتہ جرمانوں کے ذریعے ڈپٹی کمشنر سے داد وصول کرتے نظر آتے ہیں۔جس کے بعد ضلعی حکومت پرائس چیکنگ کے دقیانوسی سسٹم کو تبدیل کرکے جدید تقاضوں پر استوار کرنے میں سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ مہنگائی مافیا کیخلاف جامع حکمت عملی بنانے میں ناکام
















