فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو جلد ورلڈ رینکنگ میں لائیں گے: ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بیسٹ گریجویٹ ایوارڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر عبد المجید چوہدری، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج پروفیسر نورین اکمل، پروفیسر بلقیس شبیر، آزاد کشمیر سے پروفیسر ملازم حسین بخاری، پروفیسر کامران خالد، رجسٹرار پروفیسر ندیم ودیگر فیکلٹی ممبران کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر بیسٹ گریجویٹ ڈاکٹر فاخرہ انور اور ان کے والدین محمد انور اور مسز صغریٰ انور بھی موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے تقریب کے شرکاءسے اپنے خطاب میں کہاکہ بیسٹ گریجویٹ کا اعزاز حاصل کرنے پر ہمیں اپنی بیٹی ڈاکٹر فاخرہ انور پر فخر ہے۔ اپنے والدین اور اساتذہ کی عزت کرنےوالے بچے ہمیشہ کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔ڈاکٹر فاخرہ انور گیم چینجر ثابت ہو گی۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ بطور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج ڈاکٹرز کمیونٹی کی سربلندی کیلئے دہشت گردی کے مقدمات بھی بھگتے ہیں۔ جناح ہسپتال لاہور میں جناح ماڈل سکول بنایا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ویل ویمن کلینک کا منصوبہ لا رہے ہیں۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ٹیسٹوں کیلئے جنرل ہسپتال میں موجود نیکسٹ جنریشن سکوئنسنگ کی سہولت استعمال کرسکتی ہے۔ انشاءاللہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو ورلڈ رینکنگ میں لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے لیکن بدقسمتی سے صرف ایک فیصد زمین خواتین کے نام پر منتقل ہے۔ ہمیں پاکستان کی خواتین کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ دسویں جماعت کا امتحان دینے سے پہلے ہر بچے اور بچی کا تھیلیسیمیا ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا قانون جلد لا رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ خدمت انسانیت کی نیت ہو تو اللہ پاک ضرور ساتھ دیتے ہیں۔ عزت و ذلت کا مالک صرف اور صرف اللہ پاک کی ذات ہے۔ ہمیں اپنے معاشرے میں بیٹیوں کو اہمیت دینی چاہئے۔حضرت خدیجہ رضی اللہ عرب کی بہت بڑی تاجرہ تھیں۔صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نیو نیٹل سکریننگ کا پروگرام بھی لا رہے ہیں۔ ہمیں پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا۔صوبائی وزیرصحت نے ڈاکٹر فاخرہ انور کو پروفیسر جاوید اکرم میڈل اور نقد انعام بھی دیا۔وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ آج اپنے دونوں اساتذہ پروفیسر عبد المجید چوہدری اور پروفیسر جاوید اکرم کو ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ اوکاڑہ کے نواحی علاقہ سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر فاخرہ انور نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ ڈاکٹر فاخرہ انور میڈیکل پروفیشن کیلئے ایک اثاثہ ثابت ہو گی۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ڈاکٹر فاخرہ انور کو بیسٹ گریجویٹ ہونے پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔پروفیسر عبد المجید چوہدری نے کہاکہ ہمیں اس پیارے ملک پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پروفیسر عبد المجید چوہدری نے سرجری میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ڈاکٹر فاخرہ انور کو پروفیسر عبد المجید چوہدری میڈل اور نقد انعام بھی دیا۔ڈاکٹر فاخرہ انور کے والد محمد انورنے کہاکہ اپنی بچی کی کامیابی پر سب سے پہلے میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر گزار ہوں۔ محمد انورنے کہاکہ میری بیٹی اور ہماری حوصلہ افزائی کیلئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ہم بے حد شکر گزار ہیں۔