واسا ایم ڈی کی مشرق کی خبر پر کارروائی،اسسٹنٹ کی بطور سپرنٹنڈنٹ ترقی کیلئے ورکنگ پیپر تیار کرنے کا حکم
لاہور (قمر عباس نقوی) واسا ایم ڈی کی ”مشرق“ کی نشاندہی پر کارروائی، ایڈمن کو اسسٹنٹ کی بطور سپرنٹنڈنٹ ترقی کے ورکنگ پیپر کو تیار کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق واسا میں عرصہ دراز سے بطور اسسٹنٹ سکیل 16میں کام کرنے والے ملازمین کو بطور سپرنٹنڈنٹ سکیل 17میں ترقی کے معاملہ میں شعبہ ایڈمن کے آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن 4کی جانب سے غیر ضروری اعتراضات لگانے کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے ملازمین کو ترقی نہیں مل رہی تھی جس پر روزنامہ مشرق کی جانب سے گزشتہ روز نشادہی کرتے ہوئے خبر شائع کی گئی اور واسا شعبہ ایڈمن کے آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر 4کی جانب سے کی جانے والی تاخیر اور اس کے حقائق کی نشاندہی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر 4کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ کی ترقی کےلئے ایسے اسسٹنٹ جو کہ محکمہ میں برائے راست سکیل 16میں اسسٹنٹ تعینات ہوئے تھے ان کو ترقی سے دور رکھنے کی منصوبہ بندی اور دیگر غیر ضروری اعتراضات لگائے گئے تھے اس پر ایم ڈی واسا غفران چوہدری کی جانب سے روزنامہ مشرق کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے غیر ضروری اعتراضات کو ختم کرنے کے بعد وورکنگ پیپر کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ اسسٹنٹ کو بطور سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترقی کے منتظر اسسٹنٹ کی جانب سے روزنامہ ”مشرق“ کی صحافتی خدمات اور انکے مسئلہ کی نشاندہی پر روزنامہ مشرق کے چیف ایڈیٹر حاجی شوکت کاکڑ گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور بیٹ رپورٹر قمر عباس نقوی کا شکریہ ادا کیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
















