بلدیہ عظمیٰ:شعبہ پلاننگ کیخلاف آڈٹ رپورٹ کا اجرا، افسران کی بے چینی میں اضافہ

لاہور (نوید چودھری) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے شعبہ پلاننگ کے خلاف جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ کے بعد پلاننگ افسروں کی بے چینی میں مزید اضافہ سامنے آیا ہے، معلوم ہواہے کہ آڈٹ پیروں پر ممکنہ جامع تحقیقات کے بعد نظر آنے والے شکنجے کے خوف سے ہیڈ کوارٹر میں بیٹھے پلاننگ کے اعلیٰ افسر اور اس کے قریبی ماتحت سکتے کی حالت میں چلے گئے ہیں کیونکہ ان افسروں اور ماتحتوں کو کہا جارہا تھا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ڈی جی آڈٹ اور موقع پر آڈٹ کرنے والی پوری ٹیم کے ساتھ مبینہ طور پر معاملات طے پا چکے ہیں، بس پلان کے مطابق سختی سے اس حکم پر عمل ہر صورت عمل کیا جائے کہ آڈٹ ٹیم کو صرف وہی ریکارڈ فراہم کیا جائے جو ہر طرح سے شفاف ہو، مگر اسکے باوجود غیر متوقع طور پر آڈٹ ٹیم نے سرکاری خزانے کو 8 ارب روپے کے نقصان میں مبتلا کرنے کا ریکارڈ حاصل کرکے رپورٹ جاری کرڈالی، چنانچہ اس صورتحال کے بعد پلاننگ برانچ فی الحال سکتے میں ہے اور آڈٹ والے عذاب کو سر سے ٹالنے کےلئے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے اور اب آخری حربے کے طور پر آڈٹ افسر کو مینج کرنے کا کارڈ کھیلا جائےگا، باوثوق ذرائع سے حاصل ہونےوالی اطلاعات کے مطابق چند روز قبل میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کے دفتر میں بلڈنگ انسپکٹروں کے ساتھ خفیہ میٹنگ ہوئی جس میں کار خاص کے ذریعے فی کس بلڈنگ انسپکٹر کو 4 لاکھ روپے ادا کرنے کےلئے مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی کہ ہم نے آڈٹ افسر کو مینج کرلیا ہے وہ ہمارے پیروں کے جواب بھی خود ہی بنائےگا اور بعد ازاں پیروں کو سیٹل بھی کرےگا بصورت دیگر اگر ان آڈٹ پیروں کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو سب جانتے ہیں جتنا گند پھیل چکا ہے اس پر ہم سب کیلئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر سوائے اقبال زون کے ایک بلڈنگ انسپکٹر کے علاوہ کوئی کوئی بلڈنگ انسپکٹر اتنی بڑی اماﺅنٹ دینے کےلئے راضی نہیں ہو پا رہا۔ اس خبر کی تصدیق کےلئے جب ڈائریکٹر آڈٹ میاں شفیق سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی اطلاعات ہمارے علم میں نہیں اگر ہمارا کوئی آفیسر کسی بھی غیر قانونی عمل میں ملوث پایا گیا تو اس کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔