لندن پلان بے نقاب،بغاوت مقدمے میں مجھے 10سال جیل میں رکھنے کامنصوبہ تیار ہے،عمران خان

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے لندن پلان مکمل طور پر سامنے آگیا،میری گرفتاری کے بعد پرتشدد واقعات کوبہانہ بنا کر اب میرے خلاف بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا ،لندن پلان ہے میری اہلیہ بشری بیگم کو جیل میں ڈال کر مجھے اذیت پہنچائی جائے گی اور مجھے اگلے 10سال تک جیل میں رکھنے کےلئے بغاوت کا مقدمہ استعمال کیا جائے، حکمرانوں نے جج، جیوری اورجلادکاکردار بھی خود ہی سنبھال لیا۔

ٹوئٹر بیان میں عمران خان نے مزید کہامنصوبہ ہے بغاوت کے کسی قانون کی آڑ لےکر مجھے آئندہ 10 برس کےلئے قیدکر دیںپھرتحریک انصاف کی بچی کھچی قیادت و کارکنوں کو بھی پوری طرح جکڑ لیں گے اور آخر میں پاکستان کی سب سے بڑی و وفاقی جماعت پر اسی طرح پابندی لگا دیں گے جیسے انہوں نے مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ پر لگائی،صرف پی ٹی آئی کارکنوںکو ہی خوفزدہ نہیں کیا جارہا بلکہ عام شہریوں کے دلوں میں بھی خوف بٹھایا جارہا ہے، میڈیا پر پوری طرح قابو پایا جا چکا۔

گھروں کی حرمت پامال کی جارہی ہے، پولیس نہایت بے شرمی سے گھر کی چار دیواری میں موجود خواتین سے بدتمیزی وبدسلوکی میں مصروف ہے،سپریم کورٹ کے باہر فضل الرحمن والے تماشے کا واحد مقصد چیف جسٹس کو مرعوب کرنا ہے، چاہتے ہیں چیف جسٹس آئین کے مطابق کوئی فیصلہ صادر کرنے سے باز رہیں، پاکستان پہلے ہی 1997میں لیگی غنڈوں کو نہایت ڈھٹائی سے سپریم کورٹ پر عملاًحملہ آور ہوتے دیکھ چکا ، لیگی غنڈوں کے حملے کے نتیجے میں نہایت محترم چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو ہٹایا گیا،عوامِ کو میرا پیغام ہے خون کے آخری قطرے تک حقیقی آزادی کیلئے لڑوں گا کیونکہ مجرموں کے گروہ کی غلامی سے موت میرے لئے مقدم ہے،ہرگز کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے اگر خوف کے بت کے آگے سجدہ ریز ہوگئے تو ذلت اور شکست و ریخت آئندہ نسلوں کا مقدر ٹھہرے گی وہ ملک جہاں ناانصافی ،جنگل کے قانون کا دور دورہ ہو وہ زیادہ دیر تک صفحہ ہستی پر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ پاتے۔

اپنے ایک اور بیان میں عمران خان نے قوم سے بھرپور پرامن احتجاجی تحریک کیلئے تیار رہنے کی اپیل کردی،عمران خان نے کہاتحریک انصاف کے تقریباً 7 ہزار قائدین، کارکنوں اور خواتین کو جیلوں میں ٹھونس دیا گیا ،تحقیق تک نہیں کی گئی سرکاری عمارتوں کو نذرآتش کرنے میں کون ملوث تھا، سراغ بھی نہ لگایا گیا درجنوں غیرمسلّح مظاہرین کی گولیاں لگنے سے اموات کا ذمہ دار کون تھا،منصوبہ ہے پاکستان کی سب سے بڑی و واحد سیاسی جماعت پر پابندی عائد کر دی جائے، سکیورٹی ایجنسیز سپریم کورٹ پر قبضہ جمانے اور دستور مملکت کو پیروں تلے روندنے میں غنڈوں کی سہولت کاری میں مصروف ہیں،تمام شہری پرامن احتجاج کیلئے تیار رہیں اگر عدالت عظمیٰ اور آئین کو تباہ و تاراج کردیا گیا تو تصورپاکستان ہی دم توڑ دے گا۔