یاسمین راشد اور پی ٹی آئی کی17خواتین کورہا کرنے کاحکم

لاہور( کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف وسطی پنجاب کی صدر یاسمین راشد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا جبکہ لبرٹی چوک میں احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی کی 17 خواتین کی نظربندی کا فیصلہ بھی معطل کر دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کی 3یم پی او کے تحت گرفتاری کے حکم کےخلاف درخواست پر سماعت کی، درخواست میں موقف اپنایا گیا یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں،عدالت نے استفسار کیا کیا آپ طبی بنیادوں پر درخواست پر کارروائی کرانا چاہتے ہیں۔

درخواست گزار نے کہا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اسی نوعیت کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کیا ،عدالت فوری پیش کرنے کا حکم دے ،ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا یاسمین راشد کےخلاف شواہد ہیںجو آپ نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا رپورٹ کہاں ہے جس کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

سرکاری وکیل نے کہا یاسمین راشد پی ٹی آئی وسطی پنجاب کی صدر ہیں ،بیماری کے باجود ڈاکٹر صاحبہ ہر قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں موجود ہوتی ہیں اگر یاسمین سیاسی سرگرمیوںمیں شرکت نہ کرتیں تو پھر نظری بندی کے احکامات جاری نہ ہوتے،ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرکے بعد ازاں سناتے ہوئے یاسمین راشد کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دےدیا، عدالت عالیہ نے کہا یاسمین راشد کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔

علاوہ ازیں لاہورہائیکورٹ نے لبرٹی سے گرفتار تحریک انصاف کی 17خواتین کی نظربندی کا فیصلہ معطل کردیا،عدالت نے تمام خواتین کو فوری رہا کرنے کا حکم دےدیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے خواتین کی بازیابی درخواست پر محفوط فیصلہ سنایا،خواتین میںصنم جاوید، علیشہ علی، قدسیہ اکبرودیگر شامل ہیں۔