اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے۔
پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس کے والدین کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا پاک فضائیہ نےکسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا ، پاک فضائیہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سےدنیا بھرمیں نمایاں ہے، یقین ہے مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کامظاہرہ کرتی رہےگی۔
تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔
خطے میں امن کے لیے ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ مل کرکوشش جاری رکھیں گے جب کہ قیام امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وزیراعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہرکوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔
امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، وزیراعظم شہباز شریف
















