لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) ملک کے نامور صنعتکاروں نے سارک ممالک کے ساتھ مقامی کرنسی میں تجارت کرنے پر زور دیا ہے۔ روز نامہ ” مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور ممتاز صنعتکار اور ایف پی سی سی آئی کے سابق ریجنل چیئرمین ڈاکٹر ارشد پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمان سہگل اور لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین امجد چوہدری نے کہا کہ سارک ممبر ممالک بالخصوص افغانستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ اور تجارتی انضمام کی فوری ضرورت ہے۔ جنوبی ایشیا میں انٹر ریجنل تجارت اس کی صلاحیت کے ایک تہائی سے بھی کم ہے اور تجارتی صلاحیت کے 67 فیصد پوٹینشل کا مکمل فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ۔وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے درمیان رابطہ کار اور زمینی پل کے طور پر افغانستان کے کردار کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے کیوںکہ یہ تاجکستان، ترکمانستان، کرغزستان اور ازبکستان کے تیل اور گیس تک براہ راست رسائی کے لیے جنوبی ایشیائی ممالک کا گیٹ وے ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے خطے خاص طور پر افغانستان میں غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحد پار اور ٹرانزٹ تجارت میں اضافہ ہوگا۔ افغانستان کے ساتھ باہمی تجارت کو کئی گنا بڑھانے کی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سہولتوں کی مکمل اپ گریڈیشن اور پاک افغان زمینی تجارتی راستوں پر نقل و حمل اور کلیئرنس کے نظام کو بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے بعد پاکستان افغانستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور کہ افغانستان کی اہم برآمدات قالین اور کارپٹ ہیں جو کل برآمدات کا 45 فیصد ہیں جبکہ خشک میوہ جات 31 فیصد اور ادویاتی پودے کل برآمدات کا 12 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اہم برآمدی پارٹنرز میں پاکستان 48 فیصد، بھارت 19 فیصد اور روس 9 فیصد شراکت دار ہیں جبکہ دیگر ممالک میں ایران، عراق اور ترکی شامل ہیں۔
سارک ممالک کے ساتھ مقامی کرنسی میں ہی تجارت کی جائے :نامور صنعتکاروں کا حکومت سے مطالبہ
















