سپریم کورٹ کے فیصلے سے کشیدگی بڑھ گئی، رانا ثنا

فیصل آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کے معاملے پر چند گھنٹوں میں مذاکرات اور نتیجہ نکالنے کے فیصلے سے صورت حال دوبارہ تناؤ اور کشیدگی کی طرف گئی ۔


پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا آئین کے مطابق تمام اسمبلیوں کے الیکشن اکٹھے، ایک ہی روز اور نگراں سیٹ اپ میں ہونے چاہییں۔

اگر پنجاب کا الیکشن پہلے ہوتا ہے اور ایک سیاسی حکومت معرض وجود میں آتی ہے تو جب عام انتخابات ہوں گے تو وہ سیاسی حکومت کیونکر اثر انداز نہیں ہوگی، خواہ وہ ہماری ہو یا کسی اور کی۔


رانا ثنا نے کہا اگر 146 نشستوں جو کہ کل 272 نشستوں کا 50 فی صد سے بھی زیادہ بنتا ہےپر الیکشن ہو گئے تو وہ عام انتخابات پر اثر انداز ہوں گی یعنی پنجاب کی حکومت الیکشن ہونے سے پہلے الیکشن پول کیپچر کرے گی۔

انہوں نے کہا الیکشن کے نتائج کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا اور جو 74 برس سے پنجاب سے گلہ ہو رہا ہے، اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ چھوٹے صوبے اپنا سیاسی احتجاج بھی کریں ۔

انہوں نے کہا دنیا کی مثالیں دی جاتی ہیں، بھارت کی مثالیں دی جاتی ہیں کہ وہاں الیکشن ہو رہے ہیں، تو کیا وہاں کوئی نگراں حکومت ہوتی ہے؟ وہاں تو حکومت موجود ہوتی ہے اس کے باوجود الیکشن کمیشن اتنا مضبوط ہے وہاں انتخابات ہو رہے ہوتے ہیں۔پاکستان میں جب آئینی ترامیم کی گئیں نگراں سیٹ اپ کے تحت الیکشن ہوگا اور آئینی طور پر یہ ترامیم کی گئیں الیکشن ایک ہی دن میں ہونا قرار پائے۔ سب ہمارے آئین ہی میں درج ہے۔اگر 90 دن والی بات آئین میں درج ہے تو ایک ہی دن میں الیکشن کی بات بھی اسی آئین کا حصہ ہے۔


وزیر داخلہ نے کہا عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتے ہیں۔کوئی بھی معاشرہ، قوم یا ملک عدلیہ کے احترام اور عدلیہ کے معاملات میں انصاف کے تقاضوں کا متقاضی ہوتا ہے۔ عدلیہ کے انصاف کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے فیصلے کسی بھی ملک اور قوم کی بنیاد ہوتے ہیں مگر افسوس ہے اختلاف جو سیاسی طور پر ملک میں پھیلایا گیا یا لایا گیااب بدقسمتی سے سپریم کورٹ میں بھی موجود ہے

سپریم کورٹ سے ایسے فیصلے بھی ہو رہے ہیں جن کی قانونی اور آئینی بنیاد مستحکم نہیں