پنجاب میں 14مئی کو الیکشن کافیصلہ واپس نہیں ہوگا،چیف جسٹس

اسلام آباد (بیورورپورٹ)اٹارنی جنرل کی پنجاب میں انتخابات روکنے کی استدعا پھر مسترد،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے 14مئی کو الیکشن کافیصلہ واپس نہیں ہوگا،سیاسی مذاکرات میں پیشرفت ہوئی توغور کرسکتے ہیں،عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے انتخابات کیس پر سماعت کی،تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما سپریم کورٹ میں پیش ہوئے،دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے سیاسی لیڈر آ رہے ہیں کسی کو تنگی نہ ہو مزید کرسیاں لگا دیں،سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے نیک کام شروع کیا اللہ برکت ڈالے اور عدالت نیک کام میں اپنا حصہ ڈالے گی،پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہاکیا آپ عدالت کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا عدالت کے ہر لفظ کا احترام کرتے ہیں، ملک نے آئین کے مطابق ہی آگے بڑھنا ہے، ہمیشہ راستہ نکالنے اور آئین کے مطابق چلنے کی کوشش کی، قوم نے آپ کا فیصلہ قبول کیا دیکھتے ہیں حکومت کا کیا نقطہ نظر ہے، پی ٹی آئی آئین کے تحفظ پر آپ کےساتھ ہے،وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو اٹارنی جنرل عدالت کے سامنے پیش ہوئے،وکیل درخواست گزار شاہ خاور ایڈووکیٹ نے موقف دیا بیشتر سیاسی جماعتوں کی قیادت عدالت میں موجود ہے اس لیے مناسب ہوگا عدالت تمام قائدین کو سن لے، جمہوریت کی مضبوطی کےلئے ضروری ہے الیکشن ایک ہی دن ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے سیاسی قائدین کا تشریف لانے پر مشکور ہوں ، صف اول کی قیادت کا عدالت آنا اعزاز ہے، قوم میں اضطراب ہے ،قیادت مسئلہ حل کرے تو سکون ہو جائے گا، عدالت حکم دے تو پیچیدگیاں بنتی ہیں، سیاسی قائدین افہام و تفہیم سے مسئلہ حل کریں تو برکت ہوگی،وزارت دفاع کی بھی یہی استدعا ہے الیکشن ایک دن میں ہوں اور درخواست گزار بھی یہی کہہ رہا ہے ایک ساتھ الیکشن ہوں، اٹارنی جنرل نے نکتہ اٹھایا لیکن سیاست کی نذر ہوگیا، فاروق نائیک بھی چاہتے تھے لیکن بائیکاٹ ہوگیا اور اخبار کے مطابق پیپلز پارٹی کے قائد بھی مذاکرات کو سراہتے ہیں، ن لیگ نے بھی مذاکرات کی تجویز کو سراہا۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے موقف دیا سعد رفیق، قمر زمان کائرہ اور طارق بشیر چیمہ بھی آئے ہیں ،ایم کیو ایم سے صابر قائم خانی، ایاز صادق اور بی این پی بھی موجود ہیں، حکومتی سیاسی اتحاد کا مشترکہ موقف ہے 90 دن میں انتخابات کا وقت گزر چکا اور عدالت 2 مرتبہ 90دن سے تاریخ آگے بڑھا چکی ،فاروق ایچ نائیک نے کہا سیاسی جماعتیں پہلے ہی ایک ساتھ انتخابات پر کام شروع کر چکیں ،بلاول بھٹو نے اسی سلسلے میں فضل الرحمن سے ملاقات کی، عید کے فوری بعد سیاسی ڈائیلاگ حکومتی اتحاد کے اندر مکمل کریں گے، پی ٹی آئی سے پھر مذاکرات کریں گے تاکہ ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہو ،کوشش ہوگی ڈائیلاگ سے سیاسی اتفاق رائے پیدا ہو۔

وکیل پیپلز پارٹی نے کہا الیکشن جتنی جلدی ممکن ہو ایک ہی دن ہونے چاہئیں اور ملک بھر میں نگراں حکومتوں کے ذریعے انتخابات ہونے چاہئیں، سیاسی معاملے میں کسی ادارے کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

روسٹرم پر آکر سعد رفیق نے کہا قیادت سے مشورے کے بعد حاضر ہوئے ، ماحول مشکل ہے لیکن 22 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، الیکشن ہورہے ملک میں ایک ساتھ ہونے چاہئیں اور انتخابات پر مذاکرات کےلئے پوری طرح تیار ہیں، پارٹی سربراہوں کا اجلاس عید کے بعد طلب کر لیا ،سعد رفیق نے کہا ریاستی اداروں کا وقت ضائع کرنے کی بجائے سیاست دانوں کو خود بات کرنی چاہیے، عدالت میں بھی اپوزیشن کےساتھ بغلگیر ہوئے ، میڈیا پر ہونے والے جھگڑے اتنے سنگین نہیں ہوتے جتنے لگتے ہیں،ایاز صادق بی این پی کی نمائندگی کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوئے اور موقف دیابی این پی والے چاغی میں تھے اس لیے مجھے پیش ہونے کا کہا گیا، پی ٹی آئی سے ذاتی حیثیت میں رابطہ رہتا ہے آئندہ بھی رہے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے فاروق ایچ نائیک نے بھی کہا تھا ایک ساتھ انتخابا ت ہوں، آصف زرداری کے مشکور ہیں تجویزسے اتفاق کیا اور ن لیگ کی جانب سے بھی تجویز پر بات کی گئی،طارق بشیر چیمہ نے موقف دیا مجھے چودھری شجاعت نے پیش ہونے کا حکم دیا ، پہلے دن سے مذاکرت کا عمل شروع ہو، ملک میں ایک دن میں الیکشن ہونا چاہیے، بہت سے اختلافات کو ختم کر دے گا،یقین دلاتا ہوں ایک دن الیکشن کرانے کی سپورٹ کرتے ہیں لیکن آپ فیصلہ کریں گے تو تنقید ہوسکتی ہے لیکن اگر ہم کریں گے تو پھر سب کےلئے بہتر ہوگا، عدالت کا فیصلہ کسی کو اچھا لگے گا کسی کو برا لیکن سیاسی قائدین کا مشترکہ فیصلہ قوم کو قبول ہوگا،بی این پی عوامی کے اسرار ترین نے موقف دیا چاہتے ہیں سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے، الیکشن ایک ہی دن میں ہوں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ نے کہاسعد رفیق کی گفتگو سے مکمل اتفاق کرتا ہوں، تلخی بہت زیادہ ہے ،وجوہات سے پورا ملک آگاہ ہے، بطور سیاسی جماعت حکومتی اتحاد سے پہلے بات کا آغاز کیا جب ملک میں تلخیاں بڑھیں تو بیٹھ کر سیاسی قوتوں کو حل نکالنا پڑا،پیپلز پارٹی کی جانب سے عدالت کا مشکور ہوں اور کوشش ہے جلد از جلد انتخابات پر اتفاق رائے ہو جائے، عدالت اور قوم کو یقین دہانی کراتے ہیں ملک کےلئے بہتر فیصلے کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے روسٹرم پر آکر کہاپارٹی کا نقطہ نظر پیش کرچکا ہوں، ایک سیاسی پہلو ہے اور دوسرا قانونی، آئین 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کے حوالے سے واضح ہے ،کسی کی خواہش کا نہیں آئین کا تابع ہوں،سپریم کورٹ نے انتخابات پرفیصلہ دیا اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن عدالت نے بردباری، تحمل کا مظاہرہ و آئین کا تحفظ کیا، تلخی کی بجائے آگے بڑھنے کےلئے آئے ،سیاسی قوتوں نے ملکر ملک کو دلدل سے نکالنا ہے، آئینی و جمہوری راستہ انتخابات ہی ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں تو انتخابات ہونے چاہئیں،ن لیگی قیادت نے کہا الیکشن چاہتے ہیں تو اسمبلیاں تحلیل کر دیں، کہا گیا قومی اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی، اپنی حکومت چھوڑنا آسان نہیں تھا اور حکومت ختم ہونے کے بعد جو ہوا سب کے سامنے ہے، ن لیگ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد فیصلے سے مکر گئی،مذاکرات سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور مذاکرات آئین سے بالا نہیں ہو سکتے۔

عدالت نے زمینی حقائق کے مطابق 14 مئی کی تاریخ دی، مذاکرات تو کئی ماہ اور سال چل سکتے ہیں، کشمیر و فلسطین کے مسائل نسلوں سے زیر بحث ہیں، حکومت کا تاخیری حربہ تو نہیںالبتہ اعتماد کا فقدان ہے، حکومت اپنی تجاویز دے جائزہ لیں گے اور عمران خان کی طرف سے کہتے ہیں راستہ نکالنے کی کوشش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا عدالت نے 27 اپریل تک فنڈز فراہمی کا حکم دیا ، عدالتی حکم پر پہلے بھی فنڈز ریلیز نہیں کیے گئے، پارلیمنٹ کی قرارداد آئین سے بالاتر نہیں ہو سکتی، مناسب تجاویز دی گئیں تو راستہ نکالیں گے، انتشار چاہتے ہیں اور نہ ہی آئین کا انکار،سعد رفیق دوبارہ روسٹرم پر آئے اور موقف دیا عدالت کو ڈیبیٹ کلب نہیں بنانا چاہتے، مل بیٹھیں گے تو سوال جواب کریں گے، عدلیہ ،ملک کےلئے جیلیں کاٹیں ماریں بھی کھائیں، آئینی مدت سے ایک دن بھی زیادہ رہنے کے قائل نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا عدالت میں ٹاک شو یا مکالمہ نہیں کرنا چاہتے، ملک میں ایک ساتھ بھی الیکشن ہوئے اور مقررہ تاریخ سے آگے بھی گئے، آئین بنانے والے محافظ ہیں، آئین سے باہر جانے والوں کے سامنے کھڑے ہیں، یقین دہانی کراتے ہیں طول دینے کی کوشش نہیں کریں گے، سیاست میں گنجائش پیدا کرنی چاہیے،شیخ رشید نے موقف دیا عدالتی فیصلوں کو سلام پیش کرتی ہے اور عدالت کا فیصلہ پوری قوم کا فیصلہ ہوگا یہ نہ ہو مذاکرات میں چھوٹی اور بڑی عید اکھٹی ہو جائے، سیاستدان مذاکرات کا مخالف نہیں ہوتا لیکن مذاکرات با معنی ہونے چاہئیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے موقف دیا قوم کی جانب سے عدالت کا مشکور ہوں، گزشتہ روزپاک افغان بارڈر پر تھا اور پوری رات سفر کر کے عدالت پہنچا ہوں، آئین اتفاق رائے کی بنیاد پر وجود میں آیا اور آج بھی آئین ہی ملک کو بچا سکتا ہے، آئین کی حفاظت کرنا ملک کی حفاظت کرنا ہے،سراج الحق نے کہا دنیا کا منظر نامہ تبدیل ہو چکا ، 1977 میں نتائج تسلیم نہیں کیے گئے اور احتجاج شروع ہوگیا، 1977 میں سعودی ،امریکی سفیر نے مذاکرات کی کوشش کی تھی لیکن مذاکرات ناکام ہوئے تو مارشل لا لگ گیا اسی طرح 90 کی دہائی میں ن لیگ اور پی پی کی لڑائی سے مارشل لا لگا اب پھراسی منظر نامے کا سامنا ہے،امریکہ، ایران اور سعودی عرب اب پاکستان میں دلچسپی نہیں لے رہے اس لیے اپنا گھر خود سیاستدانوں نے ٹھیک کرنا ہے، نیلسن منڈیلا کیساتھ 30 سال لڑائی کے بعد مذاکرات کیے گئے اور نیلسن منڈیلا نے اپنے ایک بیٹے کا نام ڈیکلار رکھا،پاکستان جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں بنا کسی جنرل نے نہیں بنایا، آمریت نہ ہوتی تو ملک نہ ڈوبتا، خیبر پختونخوا میں کسی نے پی ٹی آئی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ نہیں کیا ، دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے پر عوام حیران ہیں،خیبر پختونخوا والوں نے خلاف روایت دوسری مرتبہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ،میں نے وزیراعظم اور عمران خان سے ملاقات کی، مسائل کا حل صرف الیکشن ہیں اور کوئی راستہ نہیں،ہر کسی کو اپنے مو¿قف سے ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا، مسائل کی وجہ یہ ہے عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن غیر سیاسی نہیں ہوئے، سیاسی جماعتیں کبھی الیکشن سے نہیں بھاگتیں ،سیاسی لڑائی کا نقصان عوام کو ہے جو ٹرکوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، ایک کلو آٹے کےلئے لوگ محتاج ہیں ،من آٹے کی قیمت 6500 ہوگئی ، لوگوں کے چہرے سے مسکراہٹ ختم ہو چکی ،نگراں حکومتوں نے ڈسا تو منتخب حکومت کیسے شفاف انتخابات کرا سکتی ہے؟۔

سراج الحق نے چیف جسٹس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ پنجاب کے رہنے والے ہیں، چیف جسٹس نے پشتو میں جواب دیتے ہوئے کہا پشتو سمجھتا ہوں، لیبل نہ لگائیں، پاکستانی ہیں،امیر جماعت اسلامی نے کہا گندم کی کٹائی و حج کا سیزن گزرنے دیا جائے، بڑی عید کے بعد مناسب تاریخ پر الیکشن ہونا مناسب ہوگا، عدالت معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑے اور خود کو سرخرو کرے،فاروق ایچ نائیک نے کہا عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن تاریخ نہیں بڑھا سکتا، پارٹی ٹکٹ کےلئے وقت میں اضافہ کریں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 13 دن کی تاخیر ہوئی تب عدالت نے حکم دیا، الیکشن کمیشن شیڈول میں تبدیلی کےلئے بااختیار ہے، پولنگ کا دن تبدیل کیے بغیر الیکشن کمیشن شیڈول تبدیل کر سکتا ہے اور الیکشن کمیشن رجوع کرے عدالت موقف سن لے گی، فاروق ایچ نائیک نے کہا مسئلہ ہے رات 11 بجے عید اور رمضان کا اعلان ہو جاتا ہے،عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا عید کی چھٹیوں میں زمان پارک میں آپریشن کا خطرہ ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس کارروائی میں آپریشن کا معاملہ نہیں دیکھ سکتے ،آپ نے متعلقہ عدالت سے رجوع کر رکھا ہے، وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہائیکورٹ نے تاحال حکم جاری نہیں کیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہائیکورٹ کا حکم آ جائے گا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے تجویز ہے عدالت کارروائی ابھی ختم کر دے، تمام سیاسی قائدین نے آئین کی پاسداری کا اعادہ کیا، آئین پر نہیں چلیں گے تو کئی موڑ آجائیں گے، آرٹیکل 254 کی تشریح کبھی نہیں کی گئی ،آرٹیکل 254 کے تحت تاریخ نہ بڑھائی جائے اس لیے تشریح نہیں کی گئی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن نے غلط فیصلہ کیا جس پر عدالت نے حکم جاری کیا، پنجاب میں الیکشن کی تاریخ 14 مئی ہے، 1970 اور 71 کے نتائج سب کے سامنے ہیں، عدالت آئین و قانون کی پابند ہے، سراج الحق، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے کوشش کی ،بعد میں پی ٹی آئی نے بھی ایک ساتھ انتخابات کی بات کی،ان کیمرہ بریفنگ دی گئی لیکن عدالت فیصلہ دے چکی تھی حکومت کی شاید سیاسی ترجیح کوئی اور تھی، یاد رکھنا چاہیے عدالتی فیصلہ موجود ہے اور یقین ہے کوئی رکن اسمبلی عدالتی فیصلے کےخلاف نہیں جانا چاہتا، دوران سماعت کسی سیاسی لیڈر نے فیصلے کو غلط نہیں کہا،مذاکرات میں ہٹ دھرمی نہیں ہو سکتی اور دو طرفہ لین دین سے مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں، گزارش ہوگی پارٹی سربراہ عید کے بعد نہیں فوری بیٹھیں، جولائی میں بڑی عید ہوگی اس کے بعد الیکشن ہو سکتے ہیں، عید کے بعد انتخابات کی تجویز سراج الحق نے دی،فاروق ایچ نائیک نے کہا عید کے دوران بھی فضل الرحمن سے بات کریں گے۔

جسٹس منیب اختر نے کہاایک چیز واضح کردیں آپ لوگ پولنگ کی تاریخ آگے نہیں بڑھاسکتے، سپریم کورٹ پولنگ کی تاریخ آگے بڑھانے کا اختیار رکھتی ہے،چیف جسٹس نے کہاعدالت اپنا 14 مئی کا فیصلہ واپس نہیں لے گی، عدالتی فیصلے کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، عدالتی فیصلہ واپس لینا مذاق نہیں ، عدالتی فیصلہ ہٹانے کا طریقہ کار ہے،30 دن بھی گزر گئے، اپنا 14 مئی کا فیصلہ قائم رکھنا ہے، 14 مئی کا فیصلہ قائم ہے اور نہیں بدلے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف درخواست نہیں آئی ، وزارت دفاع کی درخواست مذاق لگی،سب کو سننے کےلئے تیار ہیں جمعہ کو بھی عید نہ ہوئی تو سن لیں گے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بلاول بھٹو نے اچھی کوشش کی ،توقع ہے فضل الرحمان بھی لچک دکھائیں گے،بتائیں کیا پیشرفت ہوئی،ملک کا نظام آئین کے تحت چلتا ہے ،عمل نہیں کریں گے تو اگر مگر میں پھنس جائیں گے۔

عدالت نے سیاسی جماعتوں کو 4 بجے تک مذاکرات کا وقت دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کیا،وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی اور سپریم کورٹ نے درخواست پر سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی ۔

جبکہ سپریم کورٹ نے ایک بار پھر پنجاب میں انتخابات کا حکم روکنے کی استدعا مسترد کر دی،سپریم کورٹ حکام کے مطابق اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے چیمبر میں ملاقات کی، اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس سے 14 مئی کو انتخابات کے حکم پر عمل روکنے کی استدعا کی، چیف جسٹس نے پنجاب میں انتخابات کا حکم روکنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کردی،سپریم کورٹ کے حکام نے بتایا چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے تک 14 مئی انتخابات کے حکم پر عمل درآمد روکنے کی اجازت نہیں دی۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کی چیمبر آمد پر پی ٹی آئی کے وکلا کو نہ بلانے پر معذرت کا پیغام بھجوایا،بعدا زاں انتخابات کیس کا5 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ، عدالت کو بتایا گیا 26اپریل کو سیاسی جماعتوں کے درمیان اجلاس ہو گا، 27 اپریل تک سیاسی رابطوں و ڈائیلاگ کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے گی،تحریری حکم نامے میں کہا گیا فاروق ایچ نائیک اور اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس سے چیمبر میں ملاقات کی جس میں حکومت ،تحریک انصاف کے درمیان رابطے کا بتایا گیا، عید کی چھٹیوں کے باعث رابطوں میں وقفہ کیا جا رہا ہے، اکثر سیاسی رہنما عید کے باعث اپنے آبائی علاقوں میں ہیں، رہنماو¿ں کی مزید ملاقات 26 اپریل کو ہوگی۔

عدالت کو مزید بتایا گیا تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے عدالت کے سامنے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کی رائے سے نہ صرف مثبت ردعمل بلکہ اتفاق بھی کیا، سیاسی جماعتوں نے پیش ہو کر عزم کو دہرایا آئین سپریم ہے اگر سیاستدانوں کے مابین تمام اختلافات پر مذاکراتی عمل شروع ہوا تو کافی وقت خرچ ہونے کا امکان ہے، تمام اختلافات پر مذاکرات کا اصل فورم سیاسی ادارے ہیں،عدالت کو ایک ہی دن پورے ملک میں انتخابات کےلئے مذاکراتی عمل پر کوئی اعتراض نہیں، ملک میں ایک ہی دن انتخابات کا انعقاد قانونی و آئینی سوال ہے، 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا فیصلہ برقرار ہے اور تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کے فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہیں، کیس کی مزید سماعت 27 اپریل کو ہو گی۔