ترکمانستان کے سفیر کا کامسیٹس یونیورسٹی کےساتھ سائنس ، ایجوکیشن میں تعاون پر زور

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کورپس کے ڈین Atadjan Movlamovاور ایمبیسی کے تھرڈ سیکرٹری Hemra Annamuhammeddovنے ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر تبسم افضل سے ملاقات کی،ریکٹر نے سفیر کو بتایا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے 100سے زائد بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں 33,100پاکستانی اور 23ممالک سے 360بین الاقوامی طلبا زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کامسیٹس یونیورسٹی میں ترکمانستان سے مزید طلبا کی ضرورت ہے تا کہ پاکستان اور ترکمانستان میں ثقافتی روابط پیدا کیے جا سکیں۔ترکمانستان کے سفیر نے کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتھ سائنس اور ایجوکیشن کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان تبادلوں اور کانفرنسز کے انعقاد پر زور دیا۔ Movlamovنے اس موقع پر بتایا کہ سال 2023کی دوسری سہ ماہی میں ترکمانستان سائنس اور ایجوکیشن کے شعبہ جات میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کی دوسری میزبانی کرنے جا رہا ہے جس میں کامسیٹس یونیورسٹی کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

ماضی میں کامسیٹس یونیورسٹی نے ترک مین سٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر سفیر نے یکم مارچ تا 10اکتوبر 2023تک منعقد ہونے والے ہائی ٹیکنالوجیز اور جدت پر مبنی پراجیکٹس پر سائنسی تحقیق کے ہونے والے بین الاقوامی مقابلے میں کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبا کو مدعو کیا۔ اس مقابلے میں جیتنے والے طلبا میں ڈپلومے، کتابیں اور دیگر انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

پروفیسر سجاد مدنی نے اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کا مختصر تعارف پیش کیا اور کامسیٹس یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ اورتحقیقی کام پر روشنی ڈالی۔ میٹنگ میں کامسیٹس یونیورسٹی کے اعلی عہدیدارن بشمول پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمرڈین فکیلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اے ملک ڈین فکیلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر ثاقب گلزار ڈین فکیلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن، پروفیسر سجاد اے مدنی رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر شمس القمر انچارج او آر آئی سی اور اکیڈمکس اور علی تواب ہیڈ انٹر نیشنل آفس نے شرکت کی۔