لاڈلہ جیل گیا نہ ہی تفتیش ہوئی لیکن سہولت کار تڑپ اٹھے، وفاقی وزرا

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہے زلمے خلیل زاد نے سازش کی اصلیت بے نقاب کردی،لاڈلہ جیل گیا نہ ہی تفتیش ہوئی لیکن سہولت کار تڑپ اٹھے، تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے زلمے خلیل زاد کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا امریکی سازش و امپورٹڈ رجیم کی اصلیت بے نقاب اورجیوش لابی اپنا سٹوج بچانے کےلئے سامنے آگئی۔

فارن فنڈنگ کے مجرم کے ہینڈلرز سامنے آتے جا رہے ہیں ،فارن فنڈنگ کا نیکسس بے نقاب ہو گیا،فارن ایجنٹ کون ہے، ثابت ہوگیا ،آپ کی کٹھ پتلی نے 4 سال انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کیں، آپ کا سٹوج پاکستان میں مالیاتی ، سیاسی و سفارتی تباہی کا ذمہ دار ہے ،بین الاقوامی لابسٹ پاکستان میں خانہ جنگی کرانے کےلئے متحرک ہوگئے ،زلمے خلیل زاد کی ٹوئٹ اسی منصوبے کی کڑی ہے۔

دریں اثناوفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا لاڈلہ جیل گیا اور نہ ہی ابھی تفتیش ہوئی لیکن سہولت کار تڑپ اٹھے ،لاڈلے کی فریاد پر رونا دھونا کرنے کی بجائے کرتوت کیوں نہیں دیکھتے،حقیقت سامنے آچکی ، عمران نیازی کس کھیت کی پیداوار ہے، ثابت ہوچکا سائفر من گھڑت کہانی تھی،پی پی ترجمان نے مزید کہا سازش کا بیانیہ بنانے والا خود بڑا سازشی نکلا۔